
لکھنو، 16 جولائی (ہ س)۔
اترپردیش کا سب سے مقبول گھریلو ٹی 20 مقابلہ یو پی ٹی 20 لیگ 2026 کا چوتھا سیزن 14 اگست سے شروع ہوگا۔ افتتاحی مقابلے میں کاشی رودراس کی ٹیم کا سامنا موجودہ چیمپئن میرٹھ ماویرکس سے بھارت رتن شری اٹل بہاری باجپئی اکانا کرکٹ اسٹیڈیم، لکھنو میں ہوگا۔
اس بار ٹورنامنٹ 14 اگست سے 6 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ کل 34 مقابلے ہوں گے، جن میں 13 ڈبل ہیڈر اور 8 سنگل ہیڈر میچ شامل ہیں۔ پہلی بار ٹورنامنٹ کا انعقاد دو شہروں لکھنو اور کانپور میں کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں 13 میچ کے دنوں میں 22 مقابلے کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد مقابلے کا دوسرا مرحلہ کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں باقی 12 مقابلے، پلے آف اور فائنل منعقد کیے جائیں گے۔
یو پی ٹی 20 لیگ کی گورننگ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر سنجے کپور نے جمعرات کے روز ایک سرکاری بیان میں کہا کہ لیگ ہر سیزن کے ساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور اس بار دو شہروں میں انعقاد ہونا ٹورنامنٹ کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یو پی ٹی 20 لیگ لگاتار آگے بڑھ رہی ہے۔ اس بار پہلی بار مقابلہ دو الگ الگ میدانوں پر کھیلا جائے گا۔ شروعات لکھنو سے ہوگی، جبکہ دوسرا مرحلہ، پلے آف اور فائنل کانپور میں منعقد ہوں گے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا، ’’پچھلے کچھ برسوں میں لیگ کا معیار کافی بہتر ہوا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس بار بھی نوجوان کھلاڑیوں کو تجربہ کار کرکٹرز کے ساتھ اپنی صلاحیتیں دکھانے کا شاندار موقع ملے گا۔ تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات اور امید ہے کہ ناظرین کو ایک اور سنسنی خیز سیزن دیکھنے کو ملے گا‘‘۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ لکھنو میں ہوگا، جبکہ اختتامی تقریب اور فائنل مقابلہ کانپور میں منعقد کیا جائے گا۔
کوالیفائر-1 اور الیمینیٹر مقابلے 3 ستمبر، کوالیفائر-24ستمبر اور فائنل 6 ستمبر کو گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
15 اگست کو نوئیڈا کنگز کا مقابلہ کانپور سپر اسٹارز سے ہوگا، جبکہ لکھنو فالکنز کی ٹیم گور گورکھپور لائنز سے بھڑے گی۔
16 اگست کو کاشی رودراس اور کانپور سپر اسٹارز آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ شام کے مقابلے میں میرٹھ ماویرکس کا سامنا گور گورکھپور لائنز سے ہوگا۔
17 اگست کو نوئیڈا کنگز اور لکھنو فالکنز بھڑیں گے۔ 18 اگست کو کاشی رودراس اور گور گورکھپور لائنز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
19 اگست کو لکھنو فالکنز اور میرٹھ ماویرکس آمنے سامنے ہوں گے۔ 20 اگست کو ڈبل ہیڈر میں پہلے گور گورکھپور لائنز بنام نوئیڈا کنگز، جبکہ دوسرے میچ میں کانپور سپر اسٹارز کا مقابلہ کاشی رودراس سے ہوگا۔
21 اگست کو میرٹھ ماویرکس اور نوئیڈا کنگز بھڑیں گے، جبکہ دوسرے مقابلے میں لکھنو فالکنز کا سامنا کانپور سپر اسٹارز سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ کا کانپور مرحلہ 28 اگست سے شروع ہوگا، جہاں پہلے مقابلے میں کاشی رودراس اور نوئیڈا کنگز آمنے سامنے ہوں گے۔
دو بڑے کرکٹ میدانوں پر ہونے والا یہ سیزن اتر پردیش کی گھریلو کرکٹ کو نئی پہچان دینے کے ساتھ ساتھ ناظرین کے لیے بھی پہلے سے زیادہ سنسنی خیز تجربہ لے کر آنے والا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن