
رانی مکھرجی میلبورن میں ڈاکٹر آف لیٹرز کی اعزازی ڈگری سے سرفراز ہوں گی
اداکارہ رانی مکھرجی کو ہندوستانی سنیما اور سماجی شعبے میں ان کی نمایاں شراکت کے لیے 17ویں انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (آئی ایف ایف ایم) 2026 میں باوقاراعزازی ’ڈاکٹرآف لیٹرز‘ کی ڈگری سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز انہیں آسٹریلیا کی لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے 14 اگست، 2026 کو میلبورن کے فیڈریشن اسکوائر میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران دیا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد رانی کے مداحوں اور فلمی دنیا میں خوشی کی لہر ہے۔
اس اعزاز پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے رانی مکھرجی نے کہا کہ اعزازی ڈاکٹریٹ حاصل کرنا ان کے لیے بے حد فخر اور خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیما ان کی زندگی کا سب سے بڑا استاد رہا ہے اور اسی ذریعے نے انہیں پوری دنیا کے ناظرین سے جڑنے کا موقع دیا۔ رانی نے کہا کہ میلبورن کا انڈین فلم فیسٹیول لگاتار عالمی سطح پر ہندوستانی سنیما کا وقار بڑھاتا رہا ہے، ایسے اسٹیج پر یہ اعزاز ملنا ان کے لیے اور بھی خاص بن جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے اداکاری کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسی کہانیوں کا حصہ بننے کا موقع ملا، جنہوں نے ہمت، جدوجہد اور امید کا پیغام لوگوں تک پہنچایا۔ رانی نے یہ اعزاز ہندوستان اور پورے ملک سمیت دنیا بھر کے ان ناظرین کے نام کیا، جن کے پیار اور تعاون نے انہیں ایک کامیاب اداکارہ بننے کی ترغیب دی۔ قابلِ ذکر ہے کہ آئی ایف ایف ایم 2026 کا انعقاد 13 سے 23 اگست تک وکٹوریہ حکومت کے تعاون سے میلبورن میں ہوگا۔ اس فیسٹیول میں مختلف ممالک کے فلم ساز، فنکار اور سنیما سے محبت کرنے والے حصہ لے کر ہندوستانی سنیما کا جشن منائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن