ایم پی غلام علی کھٹانہ نے جموں کے متعدد علاقوں کا دورہ کیا
جموں، 11 جولائی (ہ س)۔ راجیہ سبھا کے رکن انجینئر غلام علی کھٹانہ نے ہفتہ کے روز وارڈ نمبر 74، بٹھنڈی۔سنجواں اور اس سے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی شہری سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جموں میونسپل کارپو
Mp


جموں، 11 جولائی (ہ س)۔ راجیہ سبھا کے رکن انجینئر غلام علی کھٹانہ نے ہفتہ کے روز وارڈ نمبر 74، بٹھنڈی۔سنجواں اور اس سے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں اور بنیادی شہری سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران رکن پارلیمان نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز بغور سنیں۔ عوام نے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، نکاسیٔ آب کے ناقص نظام، نالوں کی صفائی، حساس مقامات پر نئے نالوں کی تعمیر، صفائی ستھرائی، عوامی مقامات کی خوبصورتی، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل اجاگر کیے۔

انجینئر غلام علی کھٹانہ نے متاثرہ مقامات کا موقع پر معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری کام فوری طور انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔

مانسون کے پیش نظر پانی کی نکاسی کے نظام کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہو سکے اور آبی جمعاؤ کی صورتحال پیدا نہ ہو۔

انہوں نے نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے ان مقامات کی نشاندہی کی جہاں اضافی نکاسیٔ آب کے ڈھانچے کی ضرورت ہے اور متعلقہ حکام کو جامع منصوبہ تیار کرکے اس پر عمل درآمد کی ہدایت دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ بٹھنڈی، سنجواں اور ملحقہ علاقوں کی ہمہ جہت ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام ترقیاتی کام متعلقہ محکموں کے اشتراک سے تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے اور عوام کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے کہا کہ کارپوریشن شفاف، مؤثر اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری کاموں کی مسلسل نگرانی، معیار کو برقرار رکھنے اور مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

ڈاکٹر یادو نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نالوں اور کھڈوں پر قائم تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر ہٹا دیں کیونکہ یہ رکاوٹیں بارش کے پانی کے بہاؤ میں خلل ڈالتی ہیں اور مونسون کے دوران پانی جمع ہونے اور سیلاب جیسی صورتحال کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔

انہوں نے عوام سے پانی کے محتاط استعمال اور اس کے ضیاع سے گریز کرنے کی بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی ایک قیمتی وسیلہ ہے اور اس کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور کارپوریشن کی ترقیاتی سرگرمیوں میں تعاون جاری رکھنے کی درخواست بھی کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande