
بھوپال، 11 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اتوار، 12 جولائی کو ضلع بھنڈ کے لہار میں منعقد ہونے والے ریاستی سطح کے پروگرام میں ’وزیر اعلیٰ لاڈلی بہنا یوجنا‘ کے تحت ریاست کی تقریباً 1 کروڑ 25 لاکھ 15 ہزار سے زیادہ بہنوں کے کھاتوں میں سنگل کلک کے ذریعے 1835 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہِ راست منتقل کریں گے۔
پبلک ریلیشن آفیسر بندو سنیل نے ہفتہ کے روز بتایا کہ حکومتِ مدھیہ پردیش کی اس انتہائی مقبول اسکیم کے تحت مستفید خواتین کو اسکیم کے آغاز سے لے کر اب تک کی 38 ویں باقاعدہ ماہانہ قسط ادا کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہِ نومبر 2025 سے اس ماہانہ مالی امداد کی رقم میں 250 روپے کا اضافہ کیے جانے کے بعد سے تمام اہل مستفید خواتین کو ہر ماہ 1,500 روپے کی مسلسل مالی امداد مل رہی ہے۔ اسکیم کے آغاز یعنی جون 2023 سے لے کر جون 2026 تک حکومت کی جانب سے کل 37 قسطوں کی باقاعدہ منتقلی کامیابی کے ساتھ کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو پروگرام میں 238.96 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 40 مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے۔ ساتھ ہی، علاقے کے بنیادی ڈھانچے کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے لیے 83.33 کروڑ روپے کی لاگت والے 16 نئے عوامی فلاح و بہبود کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن