
بوبی دیول کی فلم ’بندر‘ 5 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے ۔ ان کی بہن اور اداکارہ ایشا دیول نے بھی ریلیز سے ایک دن قبل منعقد فلم کی خصوصی اسکریننگ میں شرکت کی۔ ایشا نے اس موقع کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ بوبی دیول اور ان کی اہلیہ تانیا دیول کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔ تصویر کے ساتھ ایشا نے فلم اور اپنے بھائی کی اداکاری کی کھل کر تعریف کی اور شائقین سے فلم دیکھنے کی اپیل کی۔
ایشا نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا،’’بوبی، آپ اپنی بہترین فارم میں ہیں۔ بلا شبہ، آج کے بہترین اداکاروں میں سے ایک۔ پرعزم اور حساس، شاباش بھیا۔‘‘انہوں آگے شائقین سے کہا، ’’جائیے اور 'بندر دیکھئے۔‘‘ ایشا کی اس جذباتی پوسٹ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی ہے اور بھائی- بہن کے درمیان اپنے پن کی خوب چرچا ہو رہی ہے۔
انوراگ کشیپ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بندر‘ ایک کرائم تھریلر فلم ہے جو سچے واقعات سے متاثر ہے۔ اسکرین پلے سدیپ شرما اور ابھیشیک بنرجی نے لکھا ہے۔ کہانی ایک مقبول ٹی وی اداکار کے گرد گھومتی ہے جس کی زندگی اس وقت یکسر بدل جاتی ہے جب اس پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ بوبی دیول کے علاوہ اس فلم میں سانیا ملہوترا، سپنا پبی، صبا آزاد، راج بی شیٹی، اندراجیت سوکمارن اور جتیندر جوشی بھی اہم کرداروں میں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد