
نئی دہلی، 24 جون (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے 5 سے 14 جولائی تک ہونے والے برطانیہ کے دورے کے لیے بدھ کے روز 24 رکنی بھارتی جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے ہیڈ کوچ ٹم وائٹ کی رہنمائی میں ٹیم اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ میں مجموعی طور پر سات میچ کھیلے گی۔ یہ دورہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں، خصوصاً جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
ٹیم کی قیادت خیدم شیلیما چانو کو سونپی گئی ہے۔ گول کیپر کے طور پر ندھی اور اینگل ہرشا رانی منج کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دورے کا آغاز ایڈنبرا یونیورسٹی میں اسکاٹ لینڈ کی سینئر ویمنز ٹیم کے خلاف دو میچوں سے ہوگا۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم لِلشال نیشنل اسپورٹس سینٹر میں امریکہ، انگلینڈ اور بیلجیم کی جونیئر ٹیموں کے خلاف میچ کھیلے گی۔
ٹم وائٹ نے ٹیم کے انتخاب اور دورے کی اہمیت پر کہا، “برطانیہ کا دورہ ہماری جونیئر ٹیم کی ترقی کے عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔ ہم نے کئی ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جنہیں غیر ملکی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔ اس لحاظ سے یہ دورہ کھلاڑیوں اور پوری ٹیم دونوں کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا، “ہمیں مضبوط اور مسابقتی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ گزشتہ دس ہفتوں سے جس طرزِ کھیل پر ہم نے کام کیا ہے، اسے میدان میں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ دورہ جونیئر ایشیا کپ کی تیاری کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا اور اس سے ہمیں اپنی طاقت اور ان شعبوں کا بہتر اندازہ ہوگا جن میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔”
بھارتی جونیئر ویمنز ہاکی ٹیم
گول کیپرز:
ندھی، اینگل ہرشا رانی منج۔
ڈیفینڈرز:
پوجا ساہو، سپریا، مدھو، ایف. لالبی اکسیامی، لالنیہپئی، پاروتی ٹوپنو۔
مڈفیلڈرز:
خیدم شیلیما چانو (کپتان)، تنوجا ٹوپو، سپریا کجور، پوجا ملک، بنیمہ دھن، گیتا یادو، روشنی آئند، تنوشری دنیش کڈو۔
فارورڈز:
سکھویر کور، ششی کھاسا، لالرنپئی، نشا منج، پورنیما یادو، کاجل، سانیکا چندرکانت مانے، کرشنا شرما۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد