فیفا ورلڈ کپ 2026: مونیوز کے گول سے کولمبیا ناک آوٹ مرحلے میں، ڈی آر کانگو کو 0-1 سے ہرایا
نیویارک/نیو جرسی، 24 جون (ہ س)۔ ڈینیئل مونیوز کے دوسرے ہاف میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت کولمبیا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے مقابلے میں بدھ کو ڈی آر کانگو کو 0-1 سے ہرا کر آخری 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ لگاتار دوسری جیت کے ساتھ کولمبیا
گول کرنے کے بعد جشن مناتے ڈینیئل مونیوز


نیویارک/نیو جرسی، 24 جون (ہ س)۔ ڈینیئل مونیوز کے دوسرے ہاف میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت کولمبیا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے مقابلے میں بدھ کو ڈی آر کانگو کو 0-1 سے ہرا کر آخری 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ لگاتار دوسری جیت کے ساتھ کولمبیا نے چھ پوائنٹس حاصل کر لیے اور ایک میچ باقی رہتے ناک آوٹ مرحلے کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔

مقابلے میں کولمبیا نے آغاز سے ہی گیند پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور کئی مواقع بھی بنائے، لیکن ڈی آر کانگو کے گول کیپر لیونل مپاسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیمز روڈریگز، لوئس ڈیاز اور جان ایریاس کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

پہلے ہاف میں کولمبیا کو برتری حاصل نہ ہو سکی اور ڈی آر کانگو کی دفاعی لائن مسلسل دباو جھیلتے ہوئے بھی گول بچانے میں کامیاب رہی۔

بالآخر 76ویں منٹ میں کولمبیا کو کامیابی ملی۔ ہوان کوئنٹیریو کے درست پاس پر ڈینیئل مونیوز دائیں جانب سے تیزی سے پینلٹی ایریا میں پہنچے اور ان کا نچلا شاٹ ایک محافظ سے ہلکا سا ٹکرا کر گول میں چلا گیا۔ یہی گول مقابلے کا فیصلہ ثابت ہوا۔

ڈی آر کانگو نے برابری کی کوشش کی، لیکن کولمبیا کی دفاعی لائن نے انہیں کوئی بڑا موقع نہیں دیا۔

اس جیت کے ساتھ کولمبیا چھ پوائنٹس کے ساتھ ناک آوٹ مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ اب اس کا آخری گروپ میچ پرتگال سے ہوگا۔ دوسری طرف ڈی آر کانگو کے کھاتے میں دو میچوں کے بعد صرف ایک پوائنٹ ہے اور اسے اپنی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے آخری مقابلے میں ازبکستان کے خلاف جیت حاصل کرنی ہوگی۔

کولمبیا نے پورے میچ میں جارحانہ کھیل دکھایا، جبکہ ڈی آر کانگو کے گول کیپر لیونل مپاسی کے شاندار بچاو کی وجہ سے مقابلہ طویل وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم آخر میں مونیوز کے گول نے جنوبی امریکی ٹیم کو قیمتی جیت دلا دی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande