
میامی، 24 جون (ہ س)۔ برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو انچیلوتی نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ اسٹار فٹبالر نیمار اسکاٹ لینڈ کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے دستیاب ہیں، تاہم انہیں حتمی الیون میں شامل کیا جائے گا یا نہیں، اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
34 سالہ نیمار کو تقریباً تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا ہے۔ تاہم پنڈلی کی چوٹ کے باعث وہ اب تک اس ورلڈ کپ میں میدان میں نہیں اتر سکے ہیں۔
میچ سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں انچیلوتی نے کہا، “نیمار دستیاب ہیں۔ انہوں نے اس ہفتے اچھی طرح پریکٹس کی ہے اور میچ کے لیے تیار ہیں۔ ان کی واپسی پر ہمیں بے حد خوشی ہے، کیونکہ ان کی صلاحیت ٹیم کے لیے بہت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “میں نے انہیں قریب سے جانا ہے۔ انہوں نے چوٹ سے جلد صحت یاب ہونے کے لیے نہایت سنجیدگی سے محنت کی ہے۔ اگر وہ میدان میں نہ بھی اتریں، تب بھی ان کا تجربہ اور کھیل کی سمجھ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتی ہے۔”
نیمار کے ممکنہ طور پر کتنی دیر کھیلنے کے سوال پر انچیلوتی نے مزاحیہ انداز میں کہا، “وہ 90 منٹ کھیل سکتے ہیں، لیکن چلتے ہوئے۔ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور انہوں نے شاندار پریکٹس کی ہے۔”
برازیل نے اپنے پہلے دو مقابلوں میں مراکش کے خلاف 1-1 سے برابر مقابلہ کھیلا تھا اور ہیٹی کو 3-0 سے شکست دی تھی۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کی صورت میں ٹیم آخری 32 میں اپنی جگہ یقینی بنا لے گی۔
انچیلوتی نے کہا، “پہلا میچ ہمارا بہترین مظاہرہ نہیں تھا، دوسرا اس سے بہتر رہا۔ ہمیں یقین ہے کہ تیسرا مقابلہ اب تک کا سب سے بہتر ہوگا۔”
برازیل کو اس میچ میں رافینیا کی کمی بھی محسوس ہوگی، جو ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔ تاہم انچیلوتی نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ ان کی جگہ ابتدائی الیون میں کون شامل ہوگا۔
اسکاٹ لینڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “اسکاٹ لینڈ ایک مضبوط اور منظم ٹیم ہے۔ ان کے پاس تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ جدوجہد کرنا جانتے ہیں۔ ورلڈ کپ میں اب کوئی بھی میچ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ہم ایک سخت چیلنج کے لیے تیار ہیں۔”
برازیل کی ٹیم کو نیو جرسی سے میامی پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے انچیلوتی کی پریس کانفرنس بھی تاخیر سے شروع ہوئی۔ اس کے باوجود انہوں نے کہا کہ وہ بطور کوچ اپنے پہلے ورلڈ کپ سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
انچیلوتی نے کہا، “آج کے اس چھوٹے مسئلے کو چھوڑ دیں تو سب کچھ شاندار رہا ہے۔ ہمارے پاس معیار بھی ہے اور اعتماد بھی۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ورلڈ کپ ہمارے لیے یادگار ثابت ہو سکتا ہے۔ فٹبال میں کچھ بھی ممکن ہے، لیکن یہ تجربہ یقیناً نہایت خوبصورت رہے گا۔”
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد