
لکھنؤ سانحۂ آتشزدگی کے بعد علی گڑھ انتظامیہ الرٹ، غیر قانونی کوچنگ سینٹروں کے خلاف کارروائی تیز
علی گڑھ، 24 جون (ہ س)۔
لکھنؤ میں کوچنگ سینٹر میں پیش آئے المناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد علی گڑھ ضلع انتظامیہ بھی پوری طرح چوکس ہو گئی ہے۔ طلبہ و طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع مجسٹریٹ نے متعلقہ افسران کے ساتھ اہم میٹنگ کرتے ہوئے شہر میں چل رہے تمام کوچنگ سینٹروں کی جانچ کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دی کہ ضلع بھر میں قائم کوچنگ اداروں کا معائنہ کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی کوچنگ سینٹر بغیر اجازت یا حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام نہ کر رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی انتظامات، محکمہ فائر کی این او سی، عمارت کی مضبوطی، ایمرجنسی ایگزٹ اور دیگر ضروری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جانچ کے دوران جن کوچنگ سینٹروں میں خامیاں یا بے ضابطگیاں پائی جائیں گی، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ طلبہ کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم، فائر بریگیڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی، جبکہ کوچنگ سینٹر چلانے والوں کو تمام حفاظتی ضابطوں پر سختی سے عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
انتظامیہ کی اس کارروائی کے بعد شہر کے متعدد کوچنگ سینٹر چلانے والوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے، جبکہ والدین نے اس اقدام کو طلبہ کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ