ایس آئی آر معاملے پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سخت انتباہ
حیدرآباد ، 24 جون (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ایس آئی آرمعاملے کوانتہائی اہم قراردیتے ہوئے کانگریس پارٹی کے وزراء،ارکان اسمبلی،ارکان پارلیمنٹ اورحلقہ انچارجزکو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس مسئلہ پر پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے
ایس آئی آر معاملے پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا سخت انتباہ


حیدرآباد ، 24 جون (ہ س)۔

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے ایس آئی آرمعاملے کوانتہائی اہم قراردیتے ہوئے کانگریس پارٹی کے وزراء،ارکان اسمبلی،ارکان پارلیمنٹ اورحلقہ انچارجزکو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اس مسئلہ پر پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی یا غفلت کوہرگزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔آج ایس آئی آرسے متعلق منعقدہ ایک زوم اجلاس سےوزیراعلیٰ نے کہاکہ بعض قائدین اس حساس معاملے میں مطلوبہ دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہے ہیں، جوباعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نقصان پہنچتا ہوادیکھ کرخاموش نہیں رہاجاسکتااورتمام ذمہ دارقائدین کواپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ ایس آئی آرسے متعلق آگاہی پروگراموں کی ضلع واررپورٹس ان کے پاس موجود ہیں اورکئی مقامات پرمزید سرگرمیوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے زوردے کرکہا کہ کانگریس پارٹی کوعوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مزید اجلاس اور پروگرام منعقد کرنے چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے انچارج وزراء کوہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ایس آئی آرسے متعلق سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کریں اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے عوامی بیداری مہم کو مؤثر بنائیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایس آئی آر کے معاملے کو صحیح انداز میں نہیں سنبھالا گیا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مستحق افراد کے ووٹ فہرستوں سے حذف ہوگئے تووہ کئی سرکاری سہولتوں اورحقوق سے محروم ہو سکتے ہیں،اس لیے اس مسئلے پرخصوصی توجہ دیناناگزیرہے۔ریونت ریڈی نے دوٹوک انداز میں کہاکہ پارٹی کی ہدایات پرعمل کرنا ہرقائد کے لیے لازمی ہے۔ جوقائدین پارٹی فیصلوں اور ہدایات کونظرانداز کریں گے، ان کی جگہ نئے انچارج مقرر کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں غفلت برتنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ آئندہ دس دنوں کے دوران صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پارٹی سے وابستہ سرپنچوں اورمقامی نمائندوں کے ذریعے دیہی علاقوں میں ایس آئی آر کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ عوام کو اس کی اہمیت اوراثرات سے آگاہ کیاجاسکے۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے درمیان رہ کران کے خدشات دور کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی مستحق شخص کے حقوق متاثرنہ ہوں۔

۔ ۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande