
جموں, 24 جون (ہ س)ضلع ڈوڈہ کے ملہوری علاقے میں پکی ہٹی کے قریب بدھ کی شام ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مچیل ماتا یاترا سے واپس لوٹنے والی ایک گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے بعد گہری کھائی میں جا گری۔اطلاعات کے مطابق جموں کے نگروٹہ علاقے سے تعلق رکھنے والا پانچ افراد پر مشتمل خاندان مچھیل ماتا کے مقدس درشن کرنے کے بعد اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ شام تقریباً 6:15 بجے پکی ہٹی، ملہوری کے نزدیک ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی اور بے قابو ہو کر گہری کھائی نما نالے میں جا گری۔حادثے میں جے سنگھ ، ببلی دیوی اور سوناکشی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ آریان اور واشالی زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمیوں کو مقامی لوگوں، پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے نکال کر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اہلکاروں اور مقامی باشندوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔ حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔اس افسوسناک واقعے پر پورے خطے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر