فیس گروپ کے چیئرمین اور سینئر صحافی ڈاکٹر مشتاق انصاری کا انتقال، خوریجی قبرستان میں سپردِ خاک
نئی دہلی،24جون(ہ س)۔ سینئر صحافی، ممتاز سماجی کارکن اور فیس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق انصاری کا بدھ کے روز انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر تقریباً 55 برس تھی۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی صح
فیس گروپ کے چیئرمین اور سینئر صحافی ڈاکٹر مشتاق انصاری کا انتقال، خوریجی قبرستان میں سپردِ خاک


نئی دہلی،24جون(ہ س)۔ سینئر صحافی، ممتاز سماجی کارکن اور فیس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق انصاری کا بدھ کے روز انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر تقریباً 55 برس تھی۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی صحافتی، سماجی اور عوامی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ڈاکٹر مشتاق انصاری نے صحافت اور سماجی خدمت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وہ فلاحی سرگرمیوں، عوامی مسائل کے حل اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہمیشہ متحرک رہے۔ ان کی وفات کو صحافتی اور سماجی دنیا کا ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر آرام پارک کی نور اللہ مسجد میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں خوریجی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا، جہاں سیکڑوں سوگواروں نے آخری دیدار اور تدفین میں شرکت کی۔نماز جنازہ اور تدفین میں معروف سماجی شخصیت سراج الدین قریشی، ڈاکٹر سید احمد خان، فیروز احمد صدیقی، فاروق ارگلی، مولانا قاسم نوری، کونسلر حاجی ثمیر منصوری، مولانا ضیاءاللہ قاسمی، مولانا جاوید صدیقی قاسمی، مولانا عارف قاسمی، شفیق الحسن، جاوید رحمانی، سعید احمد، عرفان شیخ، محمد مستقیم، عبدالرشید، شکیل احمد، صادق شیروانی، گلزار احمد، محمد اویس، فضیل احمد، الیاس سیفی، محمد اسلم سمیت متعدد سماجی، مذہبی، تعلیمی اور صحافتی شخصیات موجود تھیں۔ڈاکٹر مشتاق انصاری اپنے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹے بلال انصاری اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔اس موقع پر مختلف شخصیات نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق انصاری ایک بے باک صحافی، مخلص سماجی کارکن اور خوش اخلاق انسان تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، سماجی فلاح اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت گزاری۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔سوگواران اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ آمین۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande