
علی گڑھ, 24 جون (ہ س) اترپردیش کی یوگی حکومت کی جانب سے کسانوں کو قدرتی کھیتی کی طرف راغب کرنے اور زرعی لاگت کم کرنے کے مقصد سے ضلع علی گڑھ کے انوپ شہر روڈ واقع کرشی وگیان کیندر، چھیرت میں دو روزہ قدرتی کھیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ضلع بھر سے آئے کسانوں، زرعی ماہرین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر کسانوں کو قدرتی کھیتی کے فوائد، کیمیائی کھادوں اور زرعی ادویات کے کم استعمال، مٹی کی زرخیزی برقرار رکھنے اور ماحول دوست زرعی طریقوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ ماہرین نے بتایا کہ قدرتی کھیتی نہ صرف زمین کی صحت بہتر بناتی ہے بلکہ کسانوں کی پیداواری لاگت میں بھی نمایاں کمی لاتی ہے۔
ورکشاپ میں مرکزی حکومت کے 12 سال اور ریاستی حکومت کے 9 سال مکمل ہونے کے موقع پر مختلف عوامی فلاحی اور زرعی منصوبوں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ شرکاء کو حکومت کی جانب سے کسانوں کے لیے چلائی جا رہی مختلف اسکیموں، سبسڈی اور تکنیکی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔
ورکشاپ میں شریک کسانوں نے کہا کہ وہ قدرتی کھیتی سے متعلق نئی معلومات حاصل کرنے کے لیے آئے ہیں اور یہاں سے سیکھے گئے طریقوں کو اپنی زمینوں پر اپنانے کی کوشش کریں گے۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ قدرتی کھیتی مستقبل کی ضرورت ہے، جس سے بہتر پیداوار کے ساتھ ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہے۔
زرعی ماہرین نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ جدید اور قدرتی زرعی طریقوں کو اختیار کرکے اپنی آمدنی میں اضافہ کریں اور زہریلے کیمیکلز کے استعمال کو کم سے کم کریں۔ ورکشاپ کے دوران عملی مظاہرے اور سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس سے کسانوں نے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ