
حیدرآباد ، 17 جون (ہ س)۔
ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کے صدرکے. پرشانت کمارریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کوگاؤں سے لے کرضلع کی سطح تک مزید مضبوط بنانا ان کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے یہ بات نارائن پیٹ ضلع مرکزکے سی وی آربھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران نئی ضلعی کانگریس کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) اورتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کی ہدایات کے مطابق نئی ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس عمل میں وزیرواکٹی سری ہری،رکن اسمبلی ڈاکٹرچٹم پرنیکاریڈی اوراسمبلی حلقہ انچارجس اے. تروپتی ریڈی اور کمبھم شیوا کمارریڈی کے مشوروں کومدنظررکھا گیا۔ پرشانت کمارریڈی نے کہا کہ نئی کمیٹی میں ضلع کے سینئر قائدین،نوجوان رہنماؤں، خواتین، بی سی، ایس سی،ایس ٹی اوراقلیتی طبقات کومناسب نمائندگی دی گئی ہے تاکہ پارٹی تنظیم کومزید مؤثربنایاجاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ضلعی کانگریس کمیٹی میں6 نائب صدور،12جنرل سیکریٹریز،20 سیکریٹریز،ایک خزانچی،3سرکاری ترجمان اور7 ضلعی عاملہ ارکان شامل ہیں،جبکہ مجموعی طور پرکمیٹی 49 ارکان پرمشتمل ہے۔ انہوں نے تمام قائدین اورکارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے نظریات کوعوام تک پہنچانے اورضلع بھرمیں تنظیمی سرگرمیوں کووسعت دینے کے لیے بھرپورکرداراداکریں۔ اس موقع پر اے آئی سی سی کی جنرل سیکریٹری میناکشی نٹراجن کی راجیہ سبھا نامزدگی مسترد کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرشانت کمار ریڈی نے اسے جمہوری اقدارکے منافی قراردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 24 جون سے شروع ہونے والے اسپیشل انٹینسیوریویژن(ایس آئی آر) پروگرام میں کانگریس کے تمام قائدین اور کارکن فعال کردار ادا کریں تاکہ ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل رہے، کیونکہ حقِ رائے دہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق