
ممبئی، 17 جون (ہ س)۔
ہافکن ٹریننگ، ریسرچ اینڈ ٹیسٹنگ انسٹی ٹیوٹ اور مہاراشٹر حکومت کے محکمہ طبی تعلیم و ادویات سے وابستہ سینٹر فار ہیلتھ، اپلائیڈ نالج اینڈ ریسرچ آٹونومی (چکرا) کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد طبی تعلیم، حیاتیاتی تحقیق، کلینیکل ٹرائلز اور صحت عامہ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔1899 میں قائم ہونے والا ہافکن انسٹی ٹیوٹ ملک کے قدیم ترین بایومیڈیکل تحقیقی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور متعدی امراض سے متعلق تحقیق، تربیت اور جانچ کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے فیکلٹی ڈیولپمنٹ، کلینیکل ٹرائلز، بایومیڈیکل ریسرچ، ٹرانسلیشنل میڈیسن، جینومکس، صحت عامہ اور صلاحیت سازی جیسے مختلف شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کریں گے۔معاہدے کے مطابق مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تربیتی پروگراموں، اساتذہ کے تبادلے اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے دستیاب بنیادی ڈھانچے کے مشترکہ استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا، تاکہ تحقیق اور طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت مہاراشٹر میں طبی تعلیم، تحقیق، کلینیکل ٹرائلز اور صحت کی خدمات کے شعبے میں بہترین معیار کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی نئی تحقیق کے مواقع پیدا ہوں گے اور علمی تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی میسر آئے گا۔معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران محکمہ طبی تعلیم و ادویات کے سیکریٹری دھیرج کمار، چکرا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر رنجنا کمار سمیت متعدد سینئر افسران موجود تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے