
حیدرآباد ، 17 جون (ہ س)۔
حکومتِ تلنگانہ کے عزم اورکمشنریٹ آف کالجیٹ ایجوکیشن کی نگرانی میں منعقد ہونے والے انا–اکّا مینٹورشپ انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تربیتی پروگرام کا شاندارآغازگورنمنٹ ڈگری کالج، فلک نما میں کیا گیا۔ اس پروگرام میں نواب شاہ عالم انجینئرنگ کالج،حیدرآباد کےعبدالرؤف نے بطورماسٹرٹرینر(ریسورس پرسن) شرکت کرتے ہوئے طلبہ کوتربیت فراہم کی۔ پروگرام کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر پروین کمار نے کی۔ اس موقع پر پروفیسرپروین کمار نےکہاکہ موجودہ دورمیں مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹلیجنس اے آئی) اورڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ڈگری کے طلبہ نہ صرف جد ید ٹیکنالوجی کے بارے میں اپنی آگاہی میں اضافہ کریں گے بلکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کےلیےرہنما(مینٹور) کا کرداربھی ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام دیہی علاقوں اورسرکاری اسکولوں کے طلبہ کوڈیجیٹل میدان میں بااختیاربنانے میں اہم کردارادا کرےگا۔عبدالرؤف نے طلبہ کومصنوعی ذہانت،ڈیجیٹل خواندگی، ڈیجیٹل آلات کے استعمال،ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیزاورٹیکنالوجی کے محفوظ اورذمہ دارانہ استعمال کے طریقوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے طلبہ کومشورہ دیاکہ وہ سرکاری اسکولوں میں مؤثراندازمیں تدریسی خدمات انجام دیتے ہوئے اسکولی طلبہ میں تکنیکی مہارتوں کوفروغ دیں۔ اس پروگرام میں کالج کے نوڈل افسران،اساتذہ اورانٹرن طلبہ نے شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کے دوران طلبہ نے بھرپورجوش وخروش کا مظاہرہ کیااورمستقبل میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ تک تکنیکی معلومات پہنچانے کے لیے اپنی آمادگی کااظہارکیا۔ انا–اکّا مینٹورشپ انٹرن شپ پروگرام کے تحت ڈگری کے طلبہ قریبی سرکاری اسکولوں میں چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کے طلبہ کومصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل خواندگی اورڈیجیٹل آلات کے استعمال کے بارے میں تعلیم فراہم کریں گے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق