
نئی دہلی، 13 جون(ہ س)۔مرکز برائے السنہ ہند ، جواہر لال نہرو یونی ورسٹی کے سابق استاد، ماہرِ ابلاغیات اور تھیئٹر کے ممتاز محقق اور ناقد پروفیسر محمد شاہد حسین کے سانحہ¿ ارتحال پر شعبہ¿ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ صدرِ شعبہ اردو پروفیسر کوثر مظہری نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر محمد شاہد حسین اپنے طلبہ کے لیے نہایت مشفق و مہربان تھے۔ انھوں نے بہ حیثیت وزیٹنگ پروفیسر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھی خدمات انجام دیں۔ وہ نہایت خوش خلق اور منکسر المزاج تھے۔پروفیسر شہزاد انجم نے افسوس کے ساتھ کہا کہ انھیں کم زندگی ملی، وہ ایک شریف النفس اور دیانت دار معلم تھے اور وہ اپنے میدان میں خاصی گرفت رکھتے تھے۔
پروفیسر احمد محفوظ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ میں نے بہ حیثیت طالب علم جے این یو میں انھیں برسوں تک دیکھا، سنا اور ان سے ملاقاتیں رہیں۔ ان کی طبیعت میں حد درجہ سادگی تھی۔ وہ نرم خو تھے اور میں نے انھیں کبھی بھی غیض و غضب میں نہیں دیکھا۔ڈاکٹر خالد مبشر نے کہا کہ وہ میرے پی ایچ ڈی کے ممتحن تھے۔ ان کی طبیعت میں خاکساری تھی۔ وہ کوئی بھی کام روا روی میں نہیں کرتے تھے بلکہ پوری سنجیدگی اور دیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے تھے۔اس موقعے پر ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر شاہنواز فیاض اور ڈاکٹر نوشاد منظر نے مرحوم کو خراجِ عقید ت پیش کرتے ہوئے دعائیہ کلمات ادا کیے۔ نشست کا اختتام دعائے مغفرت پر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais