
حیدرآباد ، 13 جون (ہ س)۔
وزیراقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے ماہِ محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلہ میں آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔انہوں نے سرکاری محکمہ جات کوہدایت دی کہ محرم کے دوران موثر انتظامات کویقینی بنائیں اورآپس میں بہترتال میل کے ذریعہ تمام ضروری امورکی تکمیل کریں۔اجلاس میں ٹمریزکے صدرنشین محمد فہیم قریشی،سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ،ڈائرکٹراقلیتی بہبود ایم اے حمید،ضلع کلکٹرس ، پولیس کمشنرس اور دیگرعہدیداروں نے شرکت کی۔ حیدرآباد،رنگا ریڈی اور ملکاجگری کے کلکٹرس،حیدرآباد،سائبر آباد اور ملکاجگری کے پولیس کمشنرس ، تلنگانہ پاؤر ڈسٹری بیوشن کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر،حیدرآباد میٹروواٹرسپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر،آرٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر،چیف اگزیکیٹیو آفیسروقف بورڈ،حیدرآباد اوررنگاریڈی کے ضلعی اقلیتی عہدیدارڈسٹری ہیلت آفیسراوردیگر عہدیداروں کو وزیر اقلیتی بہبود نے محرم کے دوران انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران یوم عاشورہ کو تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکلتا ہے ۔ جلوس کے موقع پر نقائص سے پاک انتظامات کے ذریعہ پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محرم کے دوران صحت و صفائی،اسٹریٹ لائیٹس،بجلی اورپانی کی موثرفراہمی کے علاوہ ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانوں کے اطراف سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام انجام دیئے جائیں۔ محرم کے دوران بجلی کی بلا وقفہ سپلائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ جلوس کے مو قع پرپولیس کے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق