ایس ٹی ملازمین کا مہنگائی الاؤنس 58 فیصد، کرایۂ مکان الاؤنس میں بھی اضافہ ، 86 ہزار ملازمین اور اہلِ خانہ کو بڑی راحت
ممبئی ، 11 جون (ہ س) مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کے تقریباً 86 ہزار ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے راحت بخش فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے صدر پرتاپ راؤ سرنائیک نے ملازمین کے مہنگائی الاؤن
TRANSPORT MAHA ST EMPLOYEE ALLOWANCES HIKE


ممبئی ، 11 جون (ہ س) مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کے تقریباً 86 ہزار ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے راحت بخش فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے صدر پرتاپ راؤ سرنائیک نے ملازمین کے مہنگائی الاؤنس میں 53 فیصد سے بڑھا کر 58 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملازمین کے کرایۂ مکان الاؤنس میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ اعلان آج ممبئی سینٹرل میں واقع ’’واہتوک بھون‘‘ میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں ایس ٹی کارپوریشن کے ملازمین کو درپیش مختلف زیر التوا مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف ملازم تنظیموں کے نمائندوں کی جانب سے پیش کی گئی مالی اور انتظامی مطالبات پر تفصیلی اور مثبت تبادلۂ خیال ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹیلی فون کے ذریعے تمام ملازم تنظیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی کہ باہمی مفاہمت کے جذبے کے ساتھ ایس ٹی کارپوریشن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر پرتاپ راؤ سرنائیک نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مستقبل میں جب بھی ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے مہنگائی الاؤنس میں اضافہ نافذ ہوگا، وہی اضافہ فوری طور پر ایس ٹی ملازمین پر بھی لاگو کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تنخواہوں میں اضافے کی بقایاجات کارپوریشن کی مالی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار ادا کی جائیں گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایس ٹی ملازمین کی تنظیموں کی ایک مشترکہ میٹنگ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کے ساتھ منعقد کی جائے گی تاکہ ملازمین کے مسائل پر مزید مؤثر انداز میں غور کیا جا سکے۔

اجلاس میں ملازمین کی تنخواہوں، مختلف الاؤنسز، سروس شرائط، خالی آسامیوں پر تقرری، بس اسٹیشنوں کی ترقی، فلاحی اسکیموں اور کارپوریشن کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ نے ملازمین کے جائز مطالبات پر مثبت فیصلے لینے کا یقین دلاتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ پرتاپ راؤ سرنائیک نے کہا کہ مزدور تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور مکالمہ برقرار رکھتے ہوئے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کارپوریشن کی تمام تنظیموں کے ایک ایک نمائندے پر مشتمل کمیٹی فوری طور پر تشکیل دی جائے اور آمدنی میں اضافے کے لیے کمیٹی کی سفارشات پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے۔

کارپوریشن کی جدیدکاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اب تک تقریباً ساڑھے تین ہزار نئی بسیں ایس ٹی بیڑے میں شامل کی جا چکی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی رہنمائی میں سال 2035 تک ایس ٹی کے پورے بیڑے کو 100 فیصد برقی بسوں پر مشتمل بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے ریاست بھر میں ضروری چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

آمدنی میں اضافے کے لیے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کہا کہ بس اڈوں کے اطراف غیرقانونی مسافر بردار گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایس ٹی کی چیف سکیورٹی و ویجلنس افسر پریانکا نارنوارے کی قیادت میں غیرقانونی مسافر نقل و حمل کے خلاف خصوصی مہم پورے مہاراشٹر میں چلائی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔

پرتاپ راؤ سرنائیک نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملازمین اور انتظامیہ کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے ذریعے ایس ٹی کارپوریشن کو مزید مضبوط، مسافر دوست اور مالی طور پر خود کفیل ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملازمین کے مسائل کے حوالے سے آئندہ بھی حساس اور مثبت رویہ برقرار رکھے گی۔

اجلاس میں کارپوریشن کے نائب صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر مادھو کوسیکر، چیف سکیورٹی و ویجلنس افسر پریانکا نارنوارے، سینئر افسران، مختلف ملازم تنظیموں کے عہدیداران اور ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے مزدور نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande