
حضرت محمد سراپا رحمت مہم کے تحت لالیتا پارک میں پمفلٹ اور کتابچوں کی تقسیم
نئی دہلی11جون (ہ س)۔
جماعت اسلامی ہند لکشمی نگر یونٹ کے زیرِ اہتمام حضرت محمدسراپا رحمت مہم کے سلسلے میں للیتا پارک کی ایک مینار مسجد میں نمازیوں کے درمیان اردو اور ہندی زبانوں میں پمفلٹ اور کتابچے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر علاقے کے برادرانِ وطن سے بھی ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں رسول اکرم ؓ کی حیاتِ مبارکہ، تعلیمات اور پیغامِ انسانیت سے روشناس کرانے کے لیے لٹریچر پیش کیا گیا۔
مہم کے دوران کارکنان نے لوگوں کو بتایا کہ حضرت محمد پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور آپ کی تعلیمات امن، محبت، انصاف، بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ برادرانِ وطن نے اس مہم میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
اس کے بعد جماعت اسلامی ہند لکشمی نگر یونٹ کے ہفتہ وار درسِ قرآن کا انعقاد ایڈوکیٹ ریس فاروقی صاحب کے چیمبر میں ہوا۔ اس موقع پر امیرِ مقامی فلاح الدین فلاحی نے سورہ الکافرون کا درس پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سورت دین کے معاملے میں اخلاص، استقامت اور واضح مو¿قف اختیار کرنے کی تعلیم دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب کفارِ مکہ نے رسول اللہ کے سامنے یہ تجویز رکھی کہ کچھ عرصہ وہ اسلام کی عبادت کریں گے اور کچھ عرصہ مسلمان ان کے معبودوں کی عبادت کریں، تو اللہ تعالیٰ نے سورہ الکافرون نازل فرما کر اس باطل سمجھوتے کو ہمیشہ کے لیے مسترد کر دیا۔
فلاح الدین فلاحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سورہالکافرون کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ عقیدہ اور عبادت کے معاملے میں کوئی مداہنت یا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔ مسلمان اپنے دین پر ثابت قدم رہتے ہوئے دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک، عدل اور احترام کا رویہ اختیار کرے۔ قرآن کا یہ پیغام مذہبی جبر نہیں بلکہ عقیدے کی آزادی اور باہمی احترام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ سورت کا آخری حصہ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ ہر شخص اپنے عقیدے کا ذمہ دار ہے اور اسلام کسی پر اپنا دین مسلط کرنے کے بجائے حکمت اور اچھے اخلاق کے ساتھ دعوت دینے کی تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں جب مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں، سورہ الکافرون ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اپنے ایمان پر مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے دوسروں کے عقائد کا احترام کیا جائے اور معاشرے میں امن، رواداری اور خیر خواہی کو فروغ دیا جائے۔
اس مہم اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں للیتا پارک کے کارکنان ثناءاللہ صاحب، اطہر انصاری صاحب، مسرور عالم صاحب، ایس ٹی رضا صاحب اور تعمیر صاحب نے فعال تعاون پیش کیا۔ انہوں نے پمفلٹ اور کتابچوں کی تقسیم، برادرانِ وطن سے ملاقات اور دعوتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے ذریعے قرآن و سنت کے پیغام کو عام کیا جائے گا اور معاشرے میں محبت، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais