
ڈاکٹر محمد ابو عمر کی کاوشوں کو عوامی و سماجی حلقوں کی بھرپور ستائش:محمد فردین
نئی دہلی ،حیدرآباد11جون (ہ س )۔
مرحوم حافظ محمد ابو مظہر کی دوسری برسی کے موقع پر بھارت گراو¿نڈ میں ایک عظیم الشان مفت طبی کیمپ (فری ہیلتھ کیمپ) کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں 300 سے زائد مریضوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا اور ماہر ڈاکٹروں کی خدمات سے استفادہ کیا۔ یہ فری ہیلتھ کیمپ مرحوم محمد ابو مظہر کی یاد میں منعقد کیا گیا، جن کا خواب تھا کہ ان کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ڈاکٹر بنیں اور ملت و قوم خصوصاً غریب و نادار طبقات کی خدمت انجام دیں۔
آج ان کا یہ خواب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ ان کی صاحبزادی ڈاکٹر انسا فاتن اور صاحبزادے ڈاکٹر محمد ابو عمر نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے نہ صرف طب کے میدان میں کامیابی حاصل کی بلکہ خدمتِ خلق کی روشن مثال بھی قائم کی۔ ان دونوں کی نگرانی میں منعقدہ فری ہیلتھ کیمپ میں مختلف اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی اور مریضوں کو مفت طبی مشورے، معائنہ اور ادویات فراہم کیں۔کیمپ کا افتتاح رکن اسمبلی ماجد حسین اور کارپوریٹر ظفر خان نے کیا۔ اس موقع پر ماجد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے نعمت ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے مفت طبی کیمپوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مرحوم محمد ابو مظہر کے بچوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ والد کے خواب کو عملی شکل دینا ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔اس موقع پر خاندان کے بزرگوں اور معزز شخصیات بشمول محمد ابو طاہر صاحب، محمد ابو ظفر صاحب، ڈاکٹر محمد ابو ایاز، ڈاکٹر مختار احمد فردین اور دیگر افراد نے شرکت کی اور ڈاکٹر انسا فاتن و ڈاکٹر محمد ابو عمر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ایم ایل اے ماجد حسین کے ہاتھوں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں مومنٹو اور اسناد (سرٹیفکیٹس) پیش کیے گئے۔ شرکاء نے مرحوم حافظ محمد ابو مظہر کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے کی دعا کی۔
شام سات بجے کیمپ کے اختتام پر ڈاکٹر احمد اور ڈاکٹر محمد ابو عمر نے تمام مہمانوں، ڈاکٹروں، رضاکاروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ آئندہ سال بھی مرحوم حافظ محمد ابو مظہر کی یاد میں اسی جذب خدمت کے ساتھ فری ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais