میرے یومِ پیدائش پر ریاست بھر میں درخت لگائیں: راج ٹھاکرے
ہورڈنگز اور جشن کے بجائے عوامی مفاد کے کام کرنے کی اپیل ، 14 جون کو پھلدار، پھولدار اور دیرپا درخت لگانے کا مشورہممبئی ، 11 جون (ہ س) ۔مہاراشٹر نو نرمان سینا (منسے) کے صدر راج ٹھاکرے نے اپنے یومِ پیدائش کے موقع پر کارکنان اور حامیوں سے اپیل کی ہے
POLITICS MAHA RAJ THACKERAY TREE PLANTATION APPEAL


ہورڈنگز اور جشن کے بجائے عوامی مفاد کے کام کرنے کی اپیل ، 14 جون کو پھلدار، پھولدار اور دیرپا درخت لگانے کا مشورہممبئی ، 11 جون (ہ س) ۔مہاراشٹر نو نرمان سینا (منسے) کے صدر راج ٹھاکرے نے اپنے یومِ پیدائش کے موقع پر کارکنان اور حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مبارکباد کے ہورڈنگز لگانے اور شہروں کو بینروں سے سجانے کے بجائے عوامی مفاد کے کام انجام دیں اور ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم چلائیں

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ ہر سال 14 جون کو بڑی تعداد میں لوگ ان سے ملاقات کرنے آتے ہیں، انہیں مبارکباد دیتے ہیں، پھولوں کے گلدستے، مٹھائیاں اور کیک پیش کرتے ہیں اور ریاست بھر میں ہورڈنگز نصب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قریبی لوگوں سے ملاقات کرنا یقیناً خوشی کی بات ہوتی ہے، لیکن اس سال وہ اپنی سالگرہ کے دن ممبئی میں موجود نہیں ہوں گے، اس لیے لوگوں سے ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس بار یومِ پیدائش کو ایک مفید اور سماجی مقصد کے ساتھ منایا جائے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ مبارکبادی ہورڈنگز لگانے کے بجائے اپنے علاقوں میں پھلدار، پھولدار یا ایسے درخت لگائیں جو طویل عرصے تک زندہ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے درخت مناسب مقامات پر لگائے جائیں جہاں انہیں دھوپ اور پانی مناسب مقدار میں مل سکے، کیونکہ پھلدار اور پھولدار درخت نہ صرف خوبصورت نظر آتے ہیں بلکہ مختلف اقسام کے پرندوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔

راج ٹھاکرے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ درخت ایسے مقامات پر لگائے جائیں جہاں مستقبل میں سڑکوں کی توسیع یا دیگر ترقیاتی کاموں کے دوران انہیں کاٹا نہ جائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ چھوٹے پودوں کے بجائے نسبتاً بڑے درخت لگائے جائیں تاکہ ان کے زندہ رہنے کے امکانات زیادہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نرسریوں سے مناسب درخت حاصل کرکے مقامی شہریوں کی موجودگی میں شجرکاری کی جائے اور بعد ازاں انہی مقامی افراد کو ان درختوں کی دیکھ بھال، آبپاشی اور تحفظ میں شامل کیا جائے تاکہ وہ طویل عرصے تک محفوظ رہ سکیں۔

منسے صدر نے جانوروں اور پرندوں کے لیے پانی کی دستیابی کو بھی اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں جنوری اور فروری ہی سے جانور اور پرندے پانی کی تلاش میں بھٹکتے نظر آتے ہیں۔ اگر اس سال بارش کم ہوئی تو آئندہ سال کے آغاز ہی سے پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس لیے جنگلات کے اطراف اور شہری علاقوں میں آوارہ جانوروں اور پرندوں کے لیے پانی کے ذخائر قائم کیے جائیں اور ان میں مسلسل پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سے ڈیڑھ ماہ قبل چندرپور میں انہوں نے جنگل سے نکل کر پانی کی تلاش میں شہروں کا رخ کرنے والے جانوروں کے مناظر دیکھے تھے، جس کے بعد انہوں نے اپنے مقامی ساتھی مندیپ روڈے کو فوری طور پر جانوروں کے لیے پانی کے ذخائر قائم کرنے کی ہدایت دی تھی اور اس پر عمل بھی کیا گیا تھا۔

راج ٹھاکرے نے کہا کہ اس سال گرمی کی شدت غیرمعمولی رہی ہے جبکہ ماہرین موسمیات نے معمول سے کم بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اگر بارش کم ہوئی تو اس کے اثرات آئندہ سال مزید نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے درختوں کی مسلسل کٹائی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں جنگلات کو ختم کرکے عمارتوں کے جنگلات کھڑے کیے جا رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں بچوں کو درخت دکھانے کے لیے بھی مخصوص مقامات پر لے جانا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے درخت لگانا اور انہیں محفوظ رکھنا ناگزیر ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کارکنان سے کہا کہ شجرکاری اور پانی کے ذخائر قائم کرنے کے کام کو محض ایک روزہ تقریب یا سوشل میڈیا پر تصاویر اور پسندیدگیاں حاصل کرنے کا ذریعہ نہ بنایا جائے، بلکہ اس کا مقصد عوام اور فطرت کی دعائیں حاصل کرنا ہونا چاہیے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande