
ورکنگ جرنلسٹ کلب کے دسویں یوم تاسیس کے موقع پر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں کانفرنس
سینئر کرائم رپورٹر امیر احمد راجہ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اعزاز میں اکیاون ہزار روپے اور سپاس نامہ بھی شامل تھا
نئی دہلی،03مئی (ہ س )۔
ورکنگ جرنلسٹ کلب کے دسویں یومِ تاسیس کے موقع پر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں ”سماجی اتحاد کو یقینی بنانے میں میڈیا کا کردار“ کے موضوع پر ایک اہم اور فکر انگیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ممتاز صحافتی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور میڈیا کی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ سیمینار کا آغاز سید اسرار احمد کی تلاوتِ کلامِ پاک اور قاسم شمسی کی نعت رسولِ مقبول? سے ہوا۔۔ تقریب کے دوران سینئر کرائم رپورٹر امیر احمد راجہ کو ان کی طویل اور نمایاں صحافتی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس اعزاز میں اکیاون ہزار روپے نقد اور سپاس نامہ بھی شامل تھا۔مہمانِ خصوصی جسٹس اقبال انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، اور ایک سچے صحافی کی پہچان اس کی غیر جانبداری اور حق گوئی میں مضمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافی کو ہمیشہ طاقتور کے بجائے کمزور اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، کیونکہ یہی ایک صحت مند اور متوازن جمہوریت کی بنیاد ہے۔ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے سابق صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ ماضی میں اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں نہایت مستند اور اہمیت کی حامل ہوتی تھیں، لیکن موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی تیز رفتاری نے نہ صرف روایتی صحافت کی اہمیت کو متاثر کیا ہے بلکہ صحافتی معیار میں بھی گراوٹ آئی ہے۔ڈاکٹر سردار خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود اردو صحافی دیانت داری اور غیر جانبداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، تاہم اردو اخبارات کے قارئین میں کمی ایک تشویشناک پہلو ہے، جس پر سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت ہے۔سماجی کارکن فیروز غازی نے کہا کہ حقیقی صحافت کو سمجھنے کے لیے ماضی کے معیاری رسائل و جرائد کا مطالعہ ضروری ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی خبروں کے حوالے سے کہا کہ عالمی تنازعات کے بارے میں عوام تک مکمل اور درست معلومات نہیں پہنچ پاتیں، بلکہ بڑی حد تک خبریں پروپیگنڈے سے متاثر ہوتی ہیں۔تقریب میں حاجی ظہور نے ورکنگ جرنلسٹ کلب کے بانی سلیم صدیقی اور عامر سلیم خاں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے، تاہم صحافیوں کا حوصلہ، جذبہ اور استقامت قابل ستائش ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر ایم جے خان، کمپنی سکریٹری نثار احمد خاں، فیروز بخت، سعید خاں، محمد تقی اور ڈاکٹر صغیر اختر سمیت دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور میڈیا کے مثبت کردار کو سماجی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ذمہ دار، غیر جانبدار اور معیاری صحافت ہی معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے اور جمہوری اقدار کے فروغ کو یقینی بنا سکتی ہے۔اہم شرکائ میں شیخ علیم الدین اسعدی، نسیم احمد، حاجی اسعد میاں، فیروز مظفر، فرید مرزا، ناصر خاں، ڈاکٹر فہیم بیگ، شفیع دہلوی،ایم نفیس،ایڈ ووکیٹ رئیس احمد، ذاکر حسین وغیرہ نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais