
جموں، 02 مئی (ہ س)۔
کلگام پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک بین ریاستی نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا اور جموں کے بیلی چرانہ علاقے میں 92.73 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق 20 مارچ کو قاضی گنڈ میں معمول کی گشت کے دوران ایک مشتبہ شخص محمد رفیق میر کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 16 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی گئیں۔
دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ منشیات جموں کے رہائشی باغ حسین کسانہ سے حاصل کی گئی تھی۔ پولیس نے چھاپہ مار کر اس کے قبضے سے مزید 265 گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا اور اسے 22 مارچ کو گرفتار کرلیا۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم وادی کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا تھا اور کافی عرصے سے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا۔ وہ اس وقت ضلع جیل اننت ناگ میں بند ہے۔
پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے بیلی چرانہ جموں میں منشیات سے حاصل کی گئی زمین اور مکان کو ضبط کر لیا، جن کی مجموعی مالیت 92.73 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس لعنت کے خاتمے میں پولیس کا ساتھ دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر