
لکھنو، یکم مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور حزب اختلاف کے رہنما ماتا پرساد پانڈے نے خط لکھا ہے۔ خط میں انہوں نے ترقی کے لیے تمام اراکین اسمبلی کو 5-5 کروڑ روپے الاٹ کیے جانے کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آپ نے ’’توارت وکاس یوجنا‘‘ کے تحت سڑک کی تعمیر کے لیے ریاست کے تمام اراکین اسمبلی کو رقم الاٹ کی ہے، جس کے مطابق حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو 5-5 کروڑ روپے کی رقم الاٹ کی گئی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو محض 1-1 کروڑ روپے کا الاٹمنٹ کیا گیا ہے۔
ماتا پرساد پانڈے نے مزید لکھا کہ ریاست کی ترقی تمام علاقوں کے ترقی یافتہ ہونے پر ہی ممکن ہے، صرف ایک پارٹی کے اراکین اسمبلی کے حلقوں کی ترقی سے ریاست ترقی یافتہ نہیں ہو سکتی۔
آپ سے درخواست ہے کہ براہِ کرم پوری ریاست کے مفاد میں حکمراں جماعت کے برابر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو بھی 5-5 کروڑ روپے کی رقم الاٹ کرنے پر غور فرمائیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن