
نئی دہلی، 25 اپریل (ہ س)۔ شمالی ضلع پولیس نے ایک بڑے غیر قانونی ہتھیار بنانے والے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے اترپردیش کے مراد آباد ضلع میں چل رہی ایک اسلحہ فیکٹری کا انکشاف کیا ہے۔ کارروائی میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع سے تین دیسی ساختہ پستول، 12 زندہ کارتوس اور بھاری مقدار میں اسلحہ بنانے کا خام مال اور سامان برآمد کیا ہے۔
شمالی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجہ بانٹھیا نے ہفتہ کو بتایا کہ 21 اپریل کی شام کو وزیرآباد تھانہ علاقہ میں ہنومان چوک، یمنا کھادر پشتہ روڈ کے قریب گشت کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص غیر قانونی ہتھیار لے کر جا رہا ہے۔ پولیس نے فوری طور پر گھیرے میں لے کر محمد ایوب (49) کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران دو دیسی ساختہ پستول اور 10 زندہ کارتوس برآمد ہوئے۔
پوچھ گچھ کے دوران ایوب نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ ہتھیار مراد آباد کے رہنے والے سونو سے خریدے تھے۔ جس کے بعد وزیرآباد پولیس اسٹیشن نے تکنیکی نگرانی شروع کی اور ملزم ایوب کے ساتھ مرادآباد پہنچی۔ 22 اپریل کو، پولیس نے ایک احاطے پر چھاپہ مارا اور ایک غیر قانونی ہتھیار بنانے والے یونٹ کا پردہ فاش کیا۔ ادریس (60) اور شاداب (40) کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ فیکٹری میں گزشتہ ایک سال سے غیر قانونی اسلحہ تیار کیا جا رہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق نیٹ ورک کا سرغنہسونو جگہ فراہم کرتا تھا، خام مال منگواتا تھا اور ہتھیاروں کی فراہمی کرتا تھا۔ ادریس جو کہ ہتھیاروں کی تیاری کا ماہر ہے، پچھلے 20-25 برسوں سے اس کام میں شامل تھا۔ شاداب اس کا ساتھی تھا۔ دونوں کو بالترتیب 2000 اور 1000 روپے فی ہتھیار ادا کیے جاتے تھے۔
پولیس نے فیکٹری سے 14 لمبے تیار بیرل، چھ نیم تیار شدہ پستول کے فریم، ایک بینچ وائس، ایک بھٹی، ایک بلوور، لوہے کے سانچے، ٹول بکس اور چشمے سمیت بڑی مقدار میں مینوفیکچرنگ کا سامان برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مواد تقریباً 50 سے 60 پستول بنانے کے لیے کافی ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ مکمل طور پر کام کرنے والی غیر قانونی ہتھیاروں کی فیکٹری تھی۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیاہے۔
محمد ایوب اس سے قبل قتل کے مقدمات میں ملوث رہا ہے جبکہ ادریس کے خلاف اس سے قبل آرمس ایکٹ اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس اب مفرور ماسٹر مائنڈ سونو کی تلاش کر رہی ہے اور اسلحہ سپلائی نیٹ ورک کی تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد