
نئی دہلی، 25 اپریل (ہ س)۔دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اسلحہ ایکٹ کے معاملے میں مفرور ایک اشتہاری بدمعاش کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت 27 سالہ پردیپ عرف کاکے کے طور پر کی گئی ہے جو ونود نگر کا رہنے والا ہے۔ وہ 2019 میں لکشمی نگر پولیس اسٹیشن میں درج آرمس ایکٹ کیس میں مطلوب تھا اور ایک عدالت نے اسے اشتہاری بدمعاش قرار دیا تھا۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس آدتیہ گوتم نے ہفتہ کو بتایا کہ 2019 میں لکشمی نگر پولیس اسٹیشن نے ملزم کو غیر قانونی ہتھیار (چاقو) کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 230/2019 کے تحت آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تفتیش کے بعد ملزم کو ضمانت مل گئی ،تاہم وہ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوا اور فرار ہوگیا۔ اس کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے کڑکڑڈوما میں جے ایم ایف سی کورٹ نے اسے اشتہاری مفرور قرار دے دیا۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے سدرن رینج کرائم برانچ کی ایک ٹیم کو تعینات کیا گیا تھا۔ تکنیکی نگرانی اور مخبروں کے نیٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے، پولیس ٹیم نے ملزم کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات اکٹھی کیں۔ دہلی-این سی آر میں کئی دنوں کی نگرانی اور چھاپوں کے بعد، پولیس نے 24 اپریل کو مغربی ونود نگر سے ملزم کو گرفتار کیا۔
پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پردیپ عرف کاکے منڈاولی تھانے کا اشتہاری مجرم ہے اور 2017 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم ہے۔ اس کے خلاف دہلی کے مختلف تھانوں میں 47 مجرمانہ مقدمات درج ہیں جن میں ڈکیتی،سامان چھیننے، چوری، گاڑی چوری، لوٹ مار اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم دہلی اور گردونواح میں سرگرم جرائم پیشہ نیٹ ورک کا حصہ تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنے ٹھکانے بدل رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد