
ہندوستانی کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر کا یوم پیدائش 24 اپریل کو پورے ملک میں ایک جشن کی طرح منایاجاتا ہے۔ سال 1973 میں اسی دن پیدا ہونے والے سچن کو کروڑوں کرکٹ شائقین ’’کرکٹ کا بھگوان‘‘ مانتے ہیں اور ان کے اس خاص دن پر مداحوں میں خصوصی جوش و خروش دیکھنے کو ملتا ہے۔
سچن تندولکر نے اپنے طویل بین الاقوامی کیریئر میں کئی تاریخی ریکارڈ بنائے اور ہندوستانی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بلے بازی ہیں، جو ان کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کی بلے بازی کے انداز، نظم و ضبط اور کھیل کے تئیں لگن نے انہیں نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں ایک مثال بنا دیا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے انہوں نے کئی یادگار اننگز کھیلیں اور ملک کو کئی تاریخی فتوحات دلائیں۔
آج بھی سچن تندولکر نئی نسل کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مثالی شخصیت ہیں۔ ان کی سالگرہ پر سوشل میڈیا سے لے کر کرکٹ کی دنیا تک، ہر جگہ انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے اور ان کی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1877 - روس نے سلطنتِ عثمانیہ کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
1898 - اسپین نے امریکہ کے خلاف جنگ کا اعلان کیا۔
1940 - میزورم کے سابق گورنر عزیز قریشی (بھوپال) کی پیدائش۔
1954 - برطانوی حکومت نے کینیا کے باغیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ کینیا کے باغیوں نے ملک میں رہنے والے گورے لوگوں کے خلاف گوریلا مہم چلائی تھی، جسے انہوں نے ’ماو ماو‘ کا نام دیا تھا۔
1960 - جنوبی فارس میں شدید زلزلے میں 500 افراد ہلاک ہوئے۔
1962 - ایم آئی ٹی نے پہلی بار سیٹلائٹ کے ذریعے ٹی وی سگنل بھیجا۔
1967 - سوویت یونین کے خلاباز ولادیمیر کوماروف خلائی مشن کے دوران دم توڑنے والے پہلے شخص تھے۔ زمین کے ماحول میں داخل ہونے کے کچھ دیر بعد ان کے خلائی جہاز کے پیراشوٹ کے تار الجھ گئے اور وہ کئی میل کی بلندی سے زمین پر آ گرے۔
1970 - چین کا پہلا سیٹلائٹ ’ڈانگ فانگ ہانگ‘ لانچ کیا گیا۔
1982 - 15 سال کے اسرائیلی قبضے کے بعد جزیرہ نما سینا کا علاقہ مصر کو واپس مل گیا۔
1998 - کلون شدہ بھیڑ ’ڈولی‘ کے ذریعے ایک صحت مند میمنے ’بونی‘ کی پیدائش۔
2003 - تامل باغیوں کا انسانی مسائل پر ہونے والے 17 ویں دور (تھائی لینڈ) کے مذاکرات میں حصہ لینے سے انکار۔
2007 - حماس نے اسرائیل پر حملہ کر کے جنگ بندی توڑ دی۔
2008 - نیپال میں نئی حکومت بنانے جا رہے ماو نواز لیڈر پشپ کمل دہل عرف پرچنڈ نے ہندوستان اور نیپال کے درمیان 1950 میں ہوئے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔
2013 - بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں عمارت گرنے سے سینکڑوں لوگوں کی موت۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن