
حیدرآباد ، 19 اپریل (ہ س) ۔
تلنگانہ حکومت نے عوامی حکمرانی کے 99 دنوں پرمشتمل ’پرجاپالنا۔ پرگتی پرنالیکا‘ پروگرام کے حصہ کے طورپر20 سے 26 اپریل تک ریاست بھر میں ’فلاحی ہفتہ‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ہفتہ بھرکی تقریبات کا بنیادی مقصد، سوشیل ویلفیر ہاسٹلس، ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچرکوبہتر بنانا، طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور سرکاری اسکیمات کے بارے میں عوام میں شعور بیدارکرنا شامل ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری سب سیاساچی گھوش نے ہفتہ بھرکے پروگرامس کوکامیاب بنانےکیلئے روزانہ کی سرگرمیوں کا تفصیلی شیڈول جاری کیاہے جس کے مطابق 20 اپریل کوصفائی مہم کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں کچن اوراطراف کی صفائی کی جائے گی اوراعلیٰ عہدیداراس کی نگرانی کریں گے۔ 21 اپریل کو ٹیلنٹ فیسٹ کے عنوان سے کوئز،مباحثہ اورڈرائینگ مقابلے منعقد ہوں گے تاکہ طلبہ کے صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ 22 اپریل کو ہاسٹلس اورریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں بنیادی مرمت کی نشاندہی کرتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات میں انہیں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی تیارکی جائے گی۔ 23 اپریل کوٹیچرس، پیرنٹس میٹنگ منعقد کی جائے گی اورہونہارطلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ 24 اپریل کونوجوانوں کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کئے جائیں گے تاکہ روزگارکے مواقع فراہم ہوسکے۔ 25 اپریل کو کھیل، فنون، موسیقی اورڈیجیٹل تعلیم پرمشتمل سمرکیمپس کاانعقاد ہوگا۔ 26 اپریل کوبڈی باٹا پروگرام کے تحت ریاست بھرمیں ہاسٹلس اورریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں خصوصی سرگرمیاں انجام دی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے اضلاع کلکٹرس کوہدایت دی کہ وہ ان پروگرامس پرمسلسل نظر رکھیں اورروزانہ پیشرفت کی رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔ ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق