
اجتماعی شادیاں معاشرے میں ہم آہنگی بڑھاتی ہیں : وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو
۔ اجین میں 112 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک، وزیر اعلیٰ نے ضلع کو 58 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا تحفہ دیا
بھوپال، 19 اپریل (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اجتماعی شادیاں معاشرے میں ہم آہنگی اور اپنائیت کے جذبات کو بڑھاتی ہیں۔ ازدواجی رسم و رواج محض ایک دن کا انعقاد نہیں بلکہ دائمی اقدار اور پائیدار روایات کا قیام ہیں۔ شادی کی تقریب دو خاندانوں کو جوڑنے کا ایک موقع ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو اتوار کو اجین میں میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام شپرا ندی کے کنارے کارتک میلہ گراونڈ پر منعقدہ ’وزیر اعلیٰ کنیا وواہ/ نکاح‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر 112 جوڑوں کی شادی منعقد ہوئی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اجین کی پاکیزہ سرزمین پر مذہب کا ایک انوکھا سنگم ہو رہا ہے۔ ایک طرف بیٹیوں کا کنیا دان کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف سنہستھ 2028 کے لیے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ شادی کی رسم جتنی سادہ، باوقار اور سماجی تعاون سے ہوگی، معاشرہ اتنا ہی متوازن اور مضبوط بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود بھی اپنے بیٹے کی شادی 4 ماہ قبل اجتماعی شادیوں کی تقریب میں کی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کے لیے ’وزیر اعلیٰ کنیا وواہ اور نکاح یوجنا‘ ایک نعمت بن گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 13 دسمبر 2023 سے 31 جنوری 2026 تک ریاست میں کل 1 لاکھ 57 ہزار 769 مستفیدین کی شادی اور نکاح منعقد کرایا گیا ہے۔ اس کے لیے تقریباً 867 کروڑ روپے کی امدادی رقم فراہم کی گئی۔ اجین میں پچھلے دو سالوں میں کل 641 جوڑوں کی شادی اور نکاح منعقد کرایا گیا ہے، جس میں حکومت کی طرف سے تین کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد کی امدادی رقم فراہم کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں مذہبی اور تاریخی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پی ایم شری ہیلی ٹورازم سروس کے تحت بھوپال سے راجہ رام کے شہر اورچھا اور چندیری کے لیے نئی ہیلی کاپٹر سروس آج سے شروع کی گئی ہے۔ پی ایم شری ہیلی ٹورازم سروس اس وقت روحانی سیکٹر اندور، اجین اور اونکاریشور کے ساتھ ساتھ وائلڈ لائف سیکٹر جبل پور، کانہا، باندھو گڑھ، چترکوٹ اور مئیر کے درمیان کامیابی سے چلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعے 265 میٹر طویل ’ہر سدھی کی پال‘ سے ’رام گھاٹ‘ سڑک کو 15 میٹر چوڑا کیا جائے گا جس پر 21.08 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس سڑک کی توسیع سے رام گھاٹ پر سال بھر مختلف تاریخوں پر اسنان کے لیے آنے والے تمام زائرین کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی اور یہ شری مہاکالیشور کی سواری کے راستے کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن