
لکھنؤ، 19 اپریل (ہ س)۔ ریاست کے توانائی اور شہری ترقی کے وزیر اے کے شرما نے لکھنؤ کے شکتی بھون میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ میںبجلی کے نظام کو زیادہ شفاف، صارف دوست اور موثر بنانے کے مقصد سے کئی اہم فیصلے لیے۔ اسمارٹ میٹر سسٹم کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے وزیر توانائی نے ہدایت دی کہ جب تک وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بنائی گئی تکنیکی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش نہیں کرتی اور اس کا جائزہ نہیں لیا جاتا، تب تک پرانے میٹروں کو اسمارٹ میٹر میں تبدیل کرنے کے عمل پر فوری طور پر روک رہے گی ۔
صارفین کو راحت فراہم کرتے ہوئے، وزیر شرما نے کہا کہ جہاں اسمارٹ میٹر فی الحال نصب ہیں، وہاں تقریباً 15 دن کی تبدیلی کی مدت اور مزید 30 دنوں کے لیے یعنی کل تقریباً 45 دن تک کسی بھی صارف کا بجلی کا کنکشن نہیں منقطع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ، اسمارٹ میٹر صارفین کے لیے یہ بندوبست کیا گیا ہے کہ صفر بیلنس کی صورت میں بھی بجلی کی فراہمی زیادہ سے زیادہ تین دن یا 200 روپے (2 کلو واٹ لوڈ تک) تک بلاتعطل رہے گی، جس سے صارفین کو راحت ملے گی۔
صارفین کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے 5 لیول ایس ایم ایس الرٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت بیلنس 30 فیصد پر پہلا پیغام ، دوسرا 10 فیصد پر، تیسرا بیلنس ختم ہونے پر، چوتھا ڈس کنیکشن ہونے سے ایک دن پہلے اور پانچواں کنکشن منقطع ہونے کے بعد بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیر نے ہدایت دی کہ اتوار اور دیگر تعطیلات کے دن بھی بیلنس منفی ہونے کے باوجود کسی بھی صورت میں بجلی کا کنکشن نہیں منقطع کیا جائے گا، تاکہ صارفین کو غیر ضروری پریشانی سے بچایا جا سکے۔
گرمی کے موسم کے پیش نظر، وزیر نے تمام ڈسکام عہدیداروں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر کو تبدیل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور ڈھیلی تاروں اور اسپارکنگ جیسے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے دیکھ بھال کے کام کو تیز کیا جائے۔ وزیر موصوف نے یہ بھی ہدایت دی کہ جن صارفین کے کنکشن منقطع ہوئے ہیں، ان سے فون کال کے ذریعے رابطہ کیا جائے تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے حکام سے واضح طور پر کہا کہ صارفین کا اطمینان اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ میٹنگ میں وزیر توانائی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت بجلی کے نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سمت میں موثر قدم اٹھائے جائیں گے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری/چیئرمین آشیش گوئل، ڈی جی ویجیلنس جئے نارائن سنگھ، تمام ڈسکام کے ایم ڈی اور دیگر تمام ضلع سطح کے افسران نے ورچوئل میڈیم کے ذریعے اس میٹنگ میں حصہ لیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد