
حیدرآباد، 18 اپریل (ہ س)۔
متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم پربی جے پی رکن تیجسوی سوریہ کے ریمارکس کے خلاف کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے آج ایوان کے باہردھرنامنظم کیااوربی جے پی رکن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا کی کارروائی سے قبل دونوں ایوانوں کے کانگریس ارکان نے باب الداخلہ پر دھرنا منظم کرکے بی جے پی رکن کے خلاف نعرہ بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ جدوجہد کو ہندوستان کی تقسیم سے جوڑنا افسوسناک ہے۔ بی جے پی رکن نے تلنگانہ کی تشکیل کو یوم سیاہ قرار دیا تھا۔ کرن کمارریڈی ، کڈیم کاویا، جی ومشی ،ملو روی ، رگھو رام ریڈی ، انیل کمار یادو اور وی نریندر ریڈی نے دھرنے میں حصہ لے کر بی جے پی رکن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کڈیم کاویا نے کہا کہ اسپیکرکو بی جے پی رکن کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تیجسوی سوریہ کے بیان پر بی جے پی اورمرکزکواپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی نے تلنگانہ تحریک اور شہیدان تلنگانہ کے نام پر ووٹ حاصل کئے لیکن کرناٹک کے رکن کے بیان پر تلنگانہ کے ارکان خاموش رہے۔ کانگریس ارکان نے کہا کہ لوک سبھا حلقہ جات کی تنظیم جدید کے بارے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جو فارمولہ پیش کیا ہے، بی جے پی رکن نے اس کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند کی تمام سیاسی پارٹیاں دستوری ترمیم کے طریقہ کارکی مخالفت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد علحدہ آندھرا پردیش کا قیام عمل میں آیا جہاں تلگودیشم کے ساتھ این ڈی اے حکومت ہے۔ احتجاجی ارکان نے کہا کہ وہ لوک سبھا میں بی جے پی رکن کے خلاف تحریک مراعات پیش کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ احتجاجی ارکان نے دستوری ترمیم کو واپس لینے کا مرکز سے مطالبہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق