
علی گڑھ, 18 اپریل (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کالج آف نرسنگ کی جانب سے علی گڑھ ضلع جیل میں خاتون قیدیوں کے لیے ایک مفت صحت کیمپ اور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں صفائی اور جلدی امراض سے بچاؤ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ پروگرام میں سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل جناب بیجیندر سنگھ یادو، سینئر جیلر جناب کملیندر پرتاپ سنگھ، اور ڈپٹی جیلر محترمہ راجندر کماری موجود رہے۔
پروجیکٹ امید کے صدر مسٹر عادل جواہر اور نائب صدر ایڈوکیٹ ندیم انجم کی شرکت نے پروگرام کو تقویت بخشی۔یہ مہم کالج آف نرسنگ کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ نرسنگ ٹیوٹرز روبینہ ناز، مہوش مسیح، دیپتی منج اور ریشمہ لطفی نے سرگرمیوں کی نگرانی کی، جبکہ بی ایس سی نرسنگ کی انٹرن مدیحہ علی اور ثانیہ ناز نے مؤثر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔انٹرایکٹیو سیشن کے دوران احتیاطی تدابیر، صفائی کے اصولوں اور جلد کی بنیادی نگہداشت پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، جس میں قیدیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ قیدیوں میں سینیٹری پیڈ، صابن اور بسکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل جناب بیجیندر سنگھ یادو نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ