سید سیف اللہ کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ - سلیمان خان
نئی دہلی،18اپریل(ہ س)۔ آج داونگیرے ہی نہیں بلکہ پوری ریاستِ کرناٹک ایک ایسی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے جس نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملت کی تعلیمی بیداری اور سماجی فلاح کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ ریاست کے معروف سیاسی قائد، تحریکِ ملی کے بے لوث سپاہی اور
سید سیف اللہ کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ - سلیمان خان


نئی دہلی،18اپریل(ہ س)۔

آج داونگیرے ہی نہیں بلکہ پوری ریاستِ کرناٹک ایک ایسی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے جس نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ ملت کی تعلیمی بیداری اور سماجی فلاح کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ ریاست کے معروف سیاسی قائد، تحریکِ ملی کے بے لوث سپاہی اور ملت ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی الحاج سید سیف اللہ صاحب کا انتقال ایک ایسا خلا ہے جسے پ±ر کرنا ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے قومی معاون جنرل سیکرٹری سلیمان خان نے سید سیف اللہ صاحب کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا ہے۔آل انڈیا ملی کونسل کے مرکزی دفتر سے جاری اخباری بیان میں کونسل کے معاون جنرل سکریٹری نے کہا ہے کہ الحاج سید سیف اللہ صاحب محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام تھا۔ انہوں نے اس دور میں ملت ایجوکیشن سوسائٹی کے ذریعے تعلیم کی شمع روشن کی جب تعلیمی میدان میں ہماری نمائندگی آٹے میں نمک کے برابر تھی۔ آج ہزاروں نوجوان جو ان کے اداروں سے فیض یاب ہو کر معاشرے میں معزز مقام پر فائز ہیں، ان کے لیے صدقہ جاریہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہسیاست میں اصول پسندی اور ایثار اب قصہ پارینہ بنتے جا رہے ہیں، لیکن سید سیف اللہ صاحب ایثار و وفاداری کا پیکر تھے، انہوں نے داونگیرے میں کانگریس پارٹی کو مضبوط و مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کئی بار اپنے حق کو قربان کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ان کے نزدیک منصب سے زیادہ نظریات اور رشتوں کی پاسداری اہم تھی۔ وہ آل انڈیا ملی کونسل کے قیام کے وقت سے ہی اس سے وابستہ رہے اور بطور جنرل سکریٹری (داونگیرے) و رکنِ عاملہ (ریاست)، ملی کونسل کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ملی کونسل کے ریاستی سکریٹری شعبہ برائے عصری و تکنیکی تعلیم، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ ملی کونسل کے ہر پروگرام میں ایک متحرک رہنما کے طور پر شامل رہتے تھے اور ان کی مشفقانہ رہنمائی نے ہمیشہ ہمیں حوصلہ دیا۔

موت اس کی ہے جس کا زمانہ کرے افسوس،

یوں تو دنیا میں سبھی آتے ہیں مرنے کے لیے

جناب سلیمان خان نے مزید کہا ہے کہ میں اپنی اور آل انڈیا ملی کونسل کے ریاستی صدر مولانا نوشاد عالم قاسمی اور جنرل سکریٹری محترم سید شاہد احمد کی جانب سے مرحوم کے تمام پسماندگان، اہل خانہ اور ان کے چاہنے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی تمام ملی و تعلیمی خدمات کو قبول فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande