
علی گڑھ , 18 اپریل (ہ س)علی گڑھ کی شاہی جامع مسجد علی گڑھ میں رویتِ ہلال کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ذیقعد کا چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد اعلان کیا گیا کہ کل یکم ذیقعد ہوگی۔اجلاس کی صدارت مولانا محمود الحسن قاسمی نے کی، جبکہ دیگر معزز اراکین میں مفتی محمد راشد، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، مولانا عبدالمجیب قاسمی، حاجی محمد سفیان، محمد مسلم باری، افتخار عالم، مکرم علی صدیقی، حاجی عبدالمالک، قاری محمد اشرف، مقصود احمد، رضوان احمد اور محمد احمد شیون موجود رہے۔اس موقع پر مولانا محمود الحسن قاسمی نے چاند دیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلامی مہینوں کا انحصار چاند کی رویت پر ہے، جو نہ صرف ایک دینی فریضہ ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاند دیکھنے کا اہتمام سنتِ نبویؐ کا حصہ ہے اور اس عمل کو زندہ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر اسلامی مہینے کی 29 تاریخ کو اپنے اپنے علاقوں میں چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں اور اگر کہیں چاند نظر آئے تو فوراً مقامی رو?یتِ ہلال کمیٹی کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت اور مستند اعلان کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ چاند کی رویت کے سلسلے میں باہمی تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے، تاکہ دینی احکامات کے مطابق اسلامی مہینوں کا صحیح تعین ممکن ہو سکے۔مولانا کی دعا پر جلسہ اختتام ہوا۔۔۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ