
اسٹٹگارٹ، 18 اپریل (ہ س)۔ اسٹٹگارٹ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملا، جہاں روس کی نوجوان کھلاڑی مرا اینڈریوا نے دو بار کی چیمپئن ایگا سوائیتیک کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب ان کا سامنا ٹاپ سیڈ ایلینا ریباکینا سے ہوگا۔
18 سالہ اینڈریوا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے سوائیتیک کو 6-3، 4-6، 3-6 سے ہرایا۔ پہلے سیٹ میں پچھڑنے کے بعد اینڈریوا نے زبردست کھیل دکھایا اور فیصلہ کن سیٹ میں دو بار سروس بریک کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل، ٹاپ سیڈ ریباکینا نے کینیڈا کی لیلیٰ فرنانڈیز کو سخت مقابلے میں 7-6(5/7)، 6-4، 6-7(8/6) سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ یہ میچ تقریباً تین گھنٹے تک چلا، جس میں ریباکینا نے آخری سیٹ کے ٹائی بریکر میں دو میچ پوائنٹ بچا کر شاندار جیت درج کی۔
میچ کے بعد ریباکینا نے کہا، ’’شروع میں کافی مایوسی تھی اور میری سروس کام نہیں کر رہی تھی۔ لیکن آہستہ آہستہ میں نے خود کو سنبھالا اور لے حاصل کی۔‘‘
سوائیتیک، جنہوں نے اپنے چھ گرینڈ سلیم خطابوں میں سے چار فرینچ اوپن کی کلے کورٹ پر جیتے ہیں، اس مقابلے میں فیورٹ مانی جا رہی تھیں، لیکن اینڈریوا کے جارحانہ کھیل کے سامنے ٹک نہ سکیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ اینڈریوا نے پہلے راونڈ میں دفاعی چیمپئن جیلینا اوسٹاپینکو کو بھی باہر کیا تھا، جس سے ان کا اعتماد پہلے ہی بڑھ چکا تھا۔
اینڈریوا نے میچ کے بعد کہا، ’’میں خود سے کہہ رہی تھی کہ چاہے جو بھی ہو، مجھے لڑتے رہنا ہے اور یقین برقرار رکھنا ہے کہ میں کسی بھی صورتحال سے میچ جیت سکتی ہوں۔‘‘
اب سیمی فائنل میں اینڈریوا اور ریباکینا کے درمیان مقابلہ بے حد دلچسپ ہونے کی امید ہے۔ اس پورے واقعہ نے ٹینس کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن