
کرور، 17 اپریل (ہ س): تمل ناڈو کے اسمبلی انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی، محکمہ انکم ٹیکس کے افسران نے جمعہ کو کرور اسمبلی حلقہ سے ڈی ایم کے ایم ایل اے سینتھل بالاجی کے دوست اور سرکاری ٹھیکیدار شنکر آنند کے گھر اور دفتر میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔
محکمہ انکم ٹیکس کے افسران گزشتہ ایک ہفتے سے تمل ناڈو میں ڈی ایم کے سے منسلک مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں۔ پانچ دن پہلے، انکم ٹیکس حکام نے کرور اسمبلی حلقہ میں ڈی ایم کے امیدوار تھیاگراجن کے ایک پارٹنر کی ملکیت والی ایک ایکسپورٹ کمپنی کی تین گھنٹے تک تلاشی لی۔ اس کے بعد وی آر جی گرینائٹس نامی کمپنی پر بھی چھاپہ مارا گیا۔
دریں اثنا، محکمہ انکم ٹیکس کے افسران کرور میں چار مقامات پر گہرائی سے تلاشی لے رہے ہیں، جن میں سینتھل بالاجی کے دوست اور ایک سرکاری ٹھیکیدار شنکر آنند کے گھر اور دفتر بھی شامل ہیں، جو آج صبح تقریباً 11 بجے شروع ہوئے۔ اسی طرح سینتھل بالاجی کے دو دیگر دوستوں سے منسلک مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ان کے دفاتر، کونگو میس اور شکتی میس کی بھی سخت تلاشی لی جارہی ہے۔
اس سے قبل کرور اسمبلی حلقہ میں انتخابات کے پیش نظر ووٹروں میں بڑے پیمانے پر رقم تقسیم کرنے کے الزامات لگے تھے۔
ان الزامات کی بنیاد پر محکمہ انکم ٹیکس کے افسران آج صبح سے سینتھل بالاجی کے دوستوں اور کاروباری ساتھیوں سے جڑے مقامات پر گہرائی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ اس تفتیش کے بعد ان مقامات سے قبضے میں لیے گئے دستاویزات کے حوالے سے معلومات جاری کیے جانے کی امید ہے۔ اس سے پہلے ہندو مذہبی اور خیراتی اوقاف کے محکمے کے وزیرپی کے شیکھر بابوکے بیٹے جے سمہن اور وگنیش کے ذریعہ چنئی کے مائلا پور میں بھی محکمہ انکم ٹیکس نے ایس گروتھ الائنس ایل ایل پی پر چھاپہ مارا تھا۔
اس معاملے میں، چھاپے اس اطلاع کی بنیاد پر مارے گئے کہ پی کے شیکھر بابو، جو تھوریموگھم اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ووٹروں میں تقسیم کرنے کے لیے رقم جمع کر رہے تھے۔ تمل ناڈو کے اسمبلی انتخابات میں صرف پانچ دن باقی ہیں، ڈی ایم کے کے وزراء اور ایم ایل ایز سے منسلک احاطے پر محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی نے سیاسی حلقوں اور عام لوگوں میں ایک خاصی ہلچل مچا دی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی