
واشنگٹن،13اپریل(ہ س)۔
حکام کے مطابق میامی کے ایک نمایاں مقام پر واقع ایک ہوٹل کو اتوار کے روز مسمار کر دیا گیا تاکہ اس کی جگہ ایک بڑا ہوٹل تعمیر کیا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ انہدامی ماہرین نے بریکیل کائے جزیرے پر واقع سابقہ ''مینڈرین اورینٹل ''ہوٹل کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے گرایا۔یہ ایک مصنوعی جزیرہ ہے ،جو دریائے میامی کے دہانے پر شہر کے وسط کے سامنے واقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں میامی میں ہونے والا سب سے بڑا کنٹرولڈ انہدامی دھماکہ ہے۔25 سال قبل تعمیر ہونے والی 23 منزلہ عمارت مسلسل دھماکوں کے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 8;30 بجے 20 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں زمین بوس ہو گئی۔کمپنی ''سوئیر پراپرٹیز'' کے مطابق اس انہدامی عمل سے مینڈرین اورینٹل ریزیڈنسز - میامی منصوبے کی تعمیر کی راہ ہموار ہوگی، جو ایک پرتعیش ہوٹل اور رہائشی منصوبہ ہے، جس میں دو ٹاورز شامل ہوں گے اور جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan