
نئی دہلی ،9 مارچ (ہ س)۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی سے جاری پریس بیانیہ کے مطابق حکومت دہلی کے گزٹ نوٹیفکیشن مجریہ 9 مارچ 2026 کے ذریعے سابقہ حج کمیٹی کی مدت کار میں آئندہ چھ ماہ کے لیے توسیع کردی گئی ہے۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایاکہ گزشتہ کمیٹی کی مدت کار 5 جنوری 2026 کو مکمل ہوگئی تھی جس میں کل چار ممبران، ممبر پارلیمنٹ جناب پروین کھنڈیلوال، کونسلر محترمہ نازیہ دانش، اسلامی اسکالر جناب محمد سعد اور سماجی کارکن محترمہ کوثر جہاں بطور چیئر پرسن کے نام شامل تھے۔ ابتدائی طور پر 5 جنوری 2026 کو تشکیل دی گئی تین سالہ کمیٹی میں ممبر پارلیمنٹ جناب گوتم گمبھیر کی جگہ جناب پروین کھنڈیلوال کو درمیان میں 18-12-2024 کو شامل کیا گیا تھا جبکہ ممبر دہلی مجلس قانون ساز زمرے سے ممبر جناب حاجی محمد یونس اور جناب عبدالرحمان کی مدت کار دہلی اسمبلی انتخابات کے بعد درمیان میں ہی ختم ہو گئی تھی اور ان کی جگہ کسی ممبر اسمبلی کی شمولیت نہیں ہوئی تھی۔ اس طرح گزشتہ تین سالہ مدت کی کمیٹی میں باقی درج بالا چار ممبران کی مدت کار میں اب چھ ماہ یا آئندہ کمیٹی کی تشکیل (ان میں سے جو پہلے واقع ہو) تک کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔واضح ہو کہ ان دنوں حج 2026 کی تیاریاں تیز رفتاری سے جاری ہیں، آیندہ ماہ 18 اپریل سے عازمین حج کی روانگی کی تاریخ مقرر ہوچکی ہے، حج فلائٹ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، حجاج کرام کی پہلے مرحلے کی تربیت مکمل ہوچکی ہے، حکومت دہلی نے گزشتہ 2 مارچ کو حج امور میں معاون دہلی سرکار، ایم سی ڈی، دلی پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی رابطہ میٹینگ طلب کرکے تیاریوں کا جائزہ لے کر تمام کام وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے، ایسے میں کمیٹی کی مدت کار میں توسیع ایک خوش آیند اور اہم ترین قدم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais