قومی کمیشن برائے خواتین 500 اضلاع میں ’ جن سنوائی‘ کا انعقاد کرے گا
نئی دہلی، 6 مارچ (ہ س)۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر، قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) ملک بھر میں خواتین کے لیے جن سنوائی کے ملک گیر پروگرام کی شروعات کرنے جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت ، کمیشن کی جانب سے500 اضلاع میں مہیلا جن سنوائی پروگرام کا
NCW-500-District-JANSUNWAI


نئی دہلی، 6 مارچ (ہ س)۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر، قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) ملک بھر میں خواتین کے لیے جن سنوائی کے ملک گیر پروگرام کی شروعات کرنے جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت ، کمیشن کی جانب سے500 اضلاع میں مہیلا جن سنوائی پروگرام کا اہتمام ہو گا، جو ہفتے بھر چلے گا۔ یہ اقدام کمیشن کے اہم عوامی رابطے کے پروگرام، ’قومی کمیشن برائے خواتین آپ کی دہلیز پر‘ کی توسیع ہے۔

قومی کمیشن برائے خواتین میں جمعہ کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں چیئرپرسن وجیا رہاٹکر نے کہا کہ ان عوامی سماعتوں کے ذریعے ہم خواتین کی بات براہ راست سننا چاہتے ہیں، ان کی شکایات کو دور کرنا اور نظام پر اعتماد کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

یہ تاریخی آو¿ٹ ریچ مہم ملک بھر کے تقریباً 500 اضلاع میں 25 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کرے گی، جو اسے ہندوستان میں خواتین کے لیے سب سے بڑی مربوط عوامی شکایات کے ازالے کی مہموں میں سے ایک بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس پہل کی ایک اہم خصوصیت اترپردیش کی وسیع پیمانے پر شرکت ہے، جہاں 75 اضلاع میں خواتین کی عوامی سماعتیں منعقد کی جائیں گی، جس سے نچلی سطح پر خواتین تک وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ منی پور میں بھی چیلنجنگ صورتحال کے باوجود پانچ مہیلا جن سنوائی منعقد کی جائیں گی۔کئی دیگر ریاستیں بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

وجیا رہاٹکر نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور چھتیس گڑھ میں 9 اور 13 مارچ 2026 کے درمیان پانچ-پانچ اضلاع میں سماعتیں ہوں گی۔ کیرالہ اور منی پور میں بھی پانچ -پانچ اضلاع میں تقریبات منعقد ہوں گی۔ تریپورہ میں، تمام آٹھ اضلاع میں 8 سے 13 مارچ کے درمیان سماعتیں ہوں گی، جب کہ اڈیشہ میں، آٹھ اضلاع میں 6 سے 23 مارچ کے درمیان سماعتیں ہوں گی۔ ناگالینڈ میں، 9 سے 13 مارچ کے درمیان 11 اضلاع میں مہیلا جن سنوائی ہوں گی اور اتراکھنڈ میں، جن سنوائی 9 سے 13 مارچ کے درمیان ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن کا عہدہ اس وقت خالی ہے، وہاں وہ خود مہیلا جن سنوائی کریں گی ، تاکہ ان علاقوں کی خواتین کو شکایت کے ازالے کے نظام تک براہ راست رسائی فراہم ہو سکے ۔ ان ریاستوں میں راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش، تلنگانہ اور جھارکھنڈ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک گیر کوشش کے ذریعے، کمیشن کا مقصد تقریباً 15,000 شکایات کو حل کرنا ہے، جن میں براہ راست دائر کی گئی شکایات اور پہلے سے رجسٹرڈ کیس دونوں شامل ہیں۔ اس سے خواتین کو بروقت مدد ملے گی اور ادارہ جاتی ردعمل کے طریقہ کار کو تقویت ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande