
نئی دہلی،28مارچ(ہ س)۔ باہری دہلی ضلع کے رانی باغ علاقے میں ایک شادی کی تقریب میں معمولی تنازعہ خونی تصادم میں بدل گیا۔ ڈی جے پر گانا بجانے کے لئے ہوئے جھگڑے میں چاقوبازی ہوئی، جس میں ایک 17 سالہ نابالغ ہلاک ہوگایاجبکہ اور اس کا ایک ساتھی شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نکھل یادو (17) کے طور پر کی گئی ہے، جب کہ زخمی نوجوان سنی بتایا جاتا ہے۔ دونوں روہنی کے ناہر پور علاقے کے رہنے والے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نکھل اپنے دوستوں کے ساتھ رانی باغ میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گیا ہوا تھا، جہاں ڈی جے پر گانا بجانے پر دوسرے فریق کے نوجوانوں کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑا بڑھ گیا اور ملزمان نے نکھل اور سنی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ نکھل کو سینے میں اور سنی کو کمر کے نیچے چاقو لگا۔ دونوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں نکھل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جب کہ سنی کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ کرائم ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس ملزم کی شناخت کے لیے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے، کچھ نابالغوں سمیت تقریباً سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ گھر والوں کے مطابق نکھل ایک موٹر مکینک کا کام کرتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد