
مرکزی حکومت کا جواب موصول، جلد پیش رفت کا امکان: ڈاکٹر سیّد احمد خاں
نئی دہلی ، 26 مارچ(ہ س )۔
قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے حوالے سے مرکزی حکومت کی جانب سے باضابطہ جواب موصول ہو گیا ہے، جس سے اس ادارے کی تنظیمِ نو اور انتظامی سرگرمیوں کی بحالی کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں کو وزارتِ تعلیم کے تحت جو جواب موصول ہوا ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ کونسل کی تشکیلِ نو کا عمل جاری ہے اور متعلقہ کمیٹیوں کی تشکیل بھی زیرِ غور ہے۔ خط کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ اور گورننگ کونسل کی از سرِ نو تشکیل کے لیے کارروائی آخری مراحل میں ہے، جبکہ فنانس کمیٹی کی تشکیل بھی وزارت میں زیرِ غور ہے۔
اس سلسلے میں ڈاکٹر سید احمد خاں (قومی صدر، اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن) نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جواب ملنا ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ این سی پی یو ایل کی تنظیمِ نو کا عمل جلد مکمل ہوگا اور ادارہ دوبارہ پوری فعالیت کے ساتھ اردو زبان کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو زبان کے فروغ کے لیے یہ ادارہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، اور اس کی فعالیت میں تاخیر سے اردو سے وابستہ تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں۔ حکومت کی جانب سے پیش رفت کی یقین دہانی سے اردو طبقے میں امید کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، این سی پی یو ایل کی تنظیمِ نو کے بعد تعلیمی پروگراموں، اشاعتی سرگرمیوں اور دیگر منصوبوں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا، جس سے اردو زبان کے فروغ کو نئی رفتار ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais