مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام راج گڑھ میں سلسلہ کے تحت ادبی و شعری نشست منعقد
راج گڑھ، 26 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، راج گڑھ کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 25 مارچ 2026 کو شری رادھا ریسٹورنٹ، بیاورا میں ضلع کوآرڈینیٹر راہل کمبھکار کے تعا
ادبی نشست میں شریک لوگ


راج گڑھ، 26 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی، سنسکرتی پریشد، محکمۂ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، راج گڑھ کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ادبی و شعری نشست کا انعقاد 25 مارچ 2026 کو شری رادھا ریسٹورنٹ، بیاورا میں ضلع کوآرڈینیٹر راہل کمبھکار کے تعاون سے کیا گیا۔

راج گڑھ میں منعقدہ ’’سلسلہ‘‘ کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام راج گڑھ میں منعقدہ ’’سلسلہ‘‘ ادبی و شعری نشست کے ذریعے یہاں کے مقامی ادبی ماحول کی زندہ دلی اور فعالیت کا انتہائی تسلی بخش تجربہ ہوتا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ صوبے کے چھوٹے ہوں یا بڑے، تمام شہر ادبی اور ثقافتی اعتبار سے ثروت مند ہیں۔ اکادمی کے ذریعے یہاں کے تمام ادیبوں، شاعروں اور نئی صلاحیتوں کو ایک جیسا موقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ ’’سلسلہ‘‘ کی یہ تخلیقی روایت اسی جوش و خروش کے ساتھ مسلسل آگے بڑھتی رہے گی۔

راج گڑھ ضلع کے کوآرڈینیٹر راہل کمبھکار نے بتایا کہ سلسلہ کے تحت شام 6:00 بجے ادبی و شعری نشست کا انعقاد ہوا جس کی صدارت سینئر شاعر کے کے نازاں نے کی۔ وہیں مہمانانِ ذی وقار کے طور پر ساجد ہاشمی اور کملیش شریواستو اسٹیج پر جلوہ افروز رہے۔ اس موقع پر کے کے نازاں نے راج گڑھ کے ادبی منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے وہاں کے شعراء کے شعری سروکار پر گفتگو کی۔

شعری نشست میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں:

رنگِ گلزار بہ فخر و قرار دیکھا ہے

اپنی اولاد کو کر کے نثار دیکھا ہے

کے کے نازاں قریشی

یہاں بھی وہی ہے، وہاں بھی وہی ہے

تو کس کے مکاں کے لیے لڑ رہا ہے

ساجد ہاشمی

چھوڑ ہی دینا ہے اک دن یہ بدن ہم کو

تاقیامت جسم کا کپڑا نہیں چلتا

کملیش شریواستو

ماں ہوتی ہے گھر میں جب تک

تب تک ہی بچپن ہوتا ہے

شیام بابو کھرے

یہ رت جگے، یہ محفلیں، سمان دے گیا

وہ شخص مجھ کو اک نئی پہچان دے گیا

کنہیا راج

تم دل کے دریچے میں اتر آؤ کسی دن

میں جشنِ محبت کا مناؤں گی کئی دن

ریکھا نایک رانو

اترے تھے گود سے ابھی بھاگے، نکل گئے

بچے ہماری سوچ سے آگے نکل گئے

ستیندر بھرل

گر چاہتے ہیں رب کی عنایت ملے سدا

اپنے دل و دماغ کو انسان کیجیے

شاہد سیفی اشک

کل بہت روئیں گے اپنے بھاگ پر

جو میرا نقصان کر کے ہنس رہے

منیش گوسوامی

آپ سے ملنا ہوا ہے اک صدی کے بعد میں

یہ ملن کی شبھ گھڑی ہے اب گھڑی مت دیکھیے

دیپک گوسوامی

سمجھ پاؤ گے کیسے میری قیمت

اگر آسانی سے حاصل ہوا میں

راہل کمبھکار

پروگرام کی نظامت کے فرائض ستیندر بھرل نے بحسن خوبی انجام دیے۔ پروگرام کے آخر میں ضلع کوآرڈینیٹر راہل کمبھکار نے تمام مہمانوں، تخلیق کاروں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande