عالمی یوم تپ دق کے حوالہ سے سی ایچ سی، جواں میں بیداری پروگرام منعقد
عالمی یوم تپ دق کے حوالہ سے سی ایچ سی، جواں میں بیداری پروگرام منعقد علی گڑھ، 26 مارچ (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے عالمی یومِ تپ دق کے موقع پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی)، جواں میں ایک بید
ٹیوبرکلوسس


عالمی یوم تپ دق کے حوالہ سے سی ایچ سی، جواں میں بیداری پروگرام منعقد

علی گڑھ، 26 مارچ (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے عالمی یومِ تپ دق کے موقع پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی)، جواں میں ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔ اس سلسلہ میں ایک نکڑ ناٹک پیش کیا گیا جس میں بیماری کی علامات، بچاؤ، ابتدائی تشخیص اور مکمل علاج کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ یہ پروگرام پروفیسر عظمیٰ ارم کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں پوسٹ گریجویٹ طلبہ، انٹرنز اور طبی عملے نے سرگرم حصہ لیا۔

اپنے خطاب میں پروفیسر عظمیٰ ارم نے تپ دق کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر شائستہ پروین نے عام غلط فہمیوں، بڑھتے ہوئے کیسیز اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ بیداری کی کمی اور سماجی بدنامی کے باعث علامات کو نظر انداز کرنے کے سنگین نتائج کو خاص طور سے اجاگر کیا گیا اور قومی تپِ دق خاتمہ پروگرام کے تحت بروقت طبی مداخلت میں طبی عملے کے کردار کو اہم قرار دیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی مریض کے بلغم کی جانچ کی اہمیت، سرکاری مراکز پر مفت تشخیص اور علاج کی سہولت، ادویات کا مکمل کورس پورا کرنے کی پابندی، متوازن غذا کی ضرورت، اور معاشرتی بدنامی کے خاتمے پربھی زور دیا گیا۔

آخر میں حاضرین نے ’ٹی بی سے پاک ہندوستان‘ کا عہد کیا، جس سے اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو فروغ ملا۔ سی ایچ سی جواں کے انچارج ڈاکٹر انکت نے قومی پروگرام کے تحت دستیاب مفت سہولیات کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی اور اس مہم میں سماج کی بھرپور شمولیت کو اہم قرار دیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande