
جموں, 26 مارچ (ہ س)جموں سرینگر قومی شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر یک طرفہ بحال کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی دوپہر کے بعد چندر کوٹ کے نزدیک جیسوال پل کے مقام پر مٹی کا تودہ اور بڑے بڑے پتھر گرنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی تھی۔ واقعہ کے فوراً بعد متعلقہ محکموں نے شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے کام شروع کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر رامبن محمد الیاس خان، ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے راجہ عادل حمید اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے افسران موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام کی نگرانی میں ملبہ ہٹانے اور شاہراہ کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد شاہراہ کو عارضی طور پر یک طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، تاہم مکمل بحالی کا کام بدستور جاری ہے۔ مسافروں کو احتیاط برتنے اور ٹریفک ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر