
اندور، 18 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں بنگالی چوراہا کے پاس واقع ایک کالونی میں آج صبح تقریباً 4 بجے ایک مکان میں الیکٹرک کار چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ سے ہوئے حادثے میں چھ افراد زندہ جل گئے، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہیں۔
پولیس کی ابتدائی جانچ کے مطابق، پگلیا خاندان کے گھر کے باہر دیر رات الیکٹرک کار چارجنگ پر لگی تھی۔ صبح تقریباً 4 بجے چارجنگ پوائنٹ میں شارٹ سرکٹ ہوا، جس سے کار نے آگ پکڑ لی۔ کچھ ہی لمحوں میں آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی اور گھر کے اندر پھیل گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گھر کے اندر دس سے زائد گیس سلنڈر اور آتش گیر مادہ رکھا ہوا تھا۔ آگ کی زد میں آتے ہی سلنڈروں میں دھماکے شروع ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کم از کم 4 سلنڈر ایک کے بعد ایک پھٹے، جس سے تیز دھماکوں سے پورا علاقہ دہل گیا اور مکان کا ایک حصہ گر گیا۔
حادثے کے وقت پگلیا خاندان کے گھر میں خاندانی تقریب چل رہی تھی، جس کی وجہ سے کئی ارکان اور رشتہ دار ایک ساتھ موجود تھے۔ حادثے کے وقت زیادہ تر لوگ سو رہے تھے، اس لیے انہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب بجلی کٹنے کے بعد گھر میں لگے الیکٹرانک لاک کام نہیں کر سکے۔ خدشہ ہے کہ اسی وجہ سے لوگ اندر ہی پھنس گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچیں، لیکن تب تک آگ پورے گھر کو اپنی زد میں لے چکی تھی۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا اور ریسکیو آپریشن چلایا۔ اندور کے پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ سمیت سینئر حکام موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے واقعے کی جانچ کے احکامات دے دیے ہیں۔
اس دردناک حادثے میں جن لوگوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں منوج جین پگلیا (65 سال)، سمرن (30 سال)، وجے سیٹھیا (65 سال)، سمن سیٹھیا (60 سال)، راشی (12 سال) اور چھوٹو سیٹھیا (22 سال) شامل ہیں۔ زخمیوں میں سوربھ (32 سال)، سنیتا (58 سال) اور سومل کو بحفاظت نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اندور کے پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ نے بتایا، ’’ابتدائی جانچ کے مطابق، گھر کے باہر ایک الیکٹرک گاڑی چارج کی جا رہی تھی اور چارجنگ پوائنٹ میں دھماکہ ہو گیا۔ اس کے بعد آگ گاڑی سے گھر میں پھیل گئی۔ گھر کے اندر 10 سے زائد گیس ٹینک بھی رکھے تھے، جن میں سے کچھ میں دھماکہ ہو گیا۔ اس واقعے میں چھ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ تین لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ گھر منوج پگلیا کا تھا، جو پولیمر کا کاروبار کرتے تھے۔ گھر میں کچھ آتش گیر کیمیکل بھی رکھے تھے۔‘‘
اندور کے کلکٹر شیوم ورما نے آگ کے واقعے پر بتایا کہ فائر بریگیڈ اور انتظامیہ کی ٹیمیں بچاو کی مہم میں لگی ہوئی ہیں۔ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، لیکن چھ افراد کی موت ہو گئی ہے۔ بلڈنگ کی دو منزلوں کو خالی کرا لیا گیا ہے، ابھی ایک اور منزل کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن