
کولکاتا، 18 مارچ (ہ س)۔ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے آمڈانگا سے تین بار ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے رفیق الرحمن نے بدھ کو پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ان کی جگہ نیا امیدوار کھڑا کرنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
پارٹی کی جانب سے پیرزادہ قاسم صدیقی کو اس نشست کے لیے امیدوار بنائے جانے کے اعلان کے بعد احتجاج شروع ہو گیا۔ رحمان کے حامیوں نے آمڈانگا-کاکینارا سڑک کو بلاک کر دیا، ٹائر جلا دیئے اور ان کی حمایت اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔
رفیق الرحمان نے کہا کہ میں پارٹی قیادت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پارٹی کے مخلص کارکن ہیں اور ہمیشہ اس کے ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے امیدوار کی تبدیلی کے بعد اس سیٹ پر پارٹی کے امکانات پر بھی شکوک کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا”مجھے نہیں معلوم کہ اس بار ہم کتنے کامیاب ہوں گے۔“ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کارکنان کے ساتھ ساتھ عام عوام بھی نئے امیدوار کی حمایت میں نہیں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے لیے 74 موجودہ ایم ایل اے کو ٹکٹ نہیں دیا ہے اور ان کی جگہ نئے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
294 رکنی مغربی بنگال اسمبلی کے لیے انتخابات دو مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو ہوں گے، جب کہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد