
حیدرآباد ، 17 مارچ (ہ س)۔ شہر حیدرآباد کی ایک دکان میں بڑی مقدارمیں کئی دنوں سے ذخیرہ کیا گیا پرانا اورغیر معیاری چکن فروخت کیا جا رہا تھا، جو عوامی صحت کے لیے شدید خطرہ بن سکتا تھا۔ پولیس اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے چھاپے کے دوران تقریباً 800 کلو گرام چکن ضبط کر لیا،اس سنگین خلاف ورزی پر پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔ ضبط کیا گیا غیرمعیاری چکن بعد ازاں تلف کرنے کے اقدامات کیے گئے۔ تحقیقات اور جانچ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مذکورہ چکن صرف عام صارفین کو ہی نہیں بلکہ شہر کے مختلف وائن شاپس، بارز اور ریستورانوں کو بھی سپلائی کیا جا رہا تھا۔ اس انکشاف کے بعد متعلقہ اداروں نے ان مقامات کی بھی جانچ شروع کر دی ہے جہاں یہ چکن فراہم کیا جا رہا تھا۔ مزید تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا کہ دکان کا لائسنس گزشتہ جنوری میں ہی ختم ہو چکا تھا، اس کے باوجود غیر قانونی طور پر کاروبار جاری رکھا گیا۔ پولیس نے دکان کے ملازم شکیل سمیت چند دیگر افراد کو حراست میں لے لیا ہے اوران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث دیگر افراد اور نیٹ ورک کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔ عہدیداروں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف معیاری اور لائسنس یافتہ دکانوں سے ہی گوشت خریدیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق