
جموں, 16 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں ایندھن اور ضروری اشیائے خوردونوش کا تقریباً 21 دن کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔ یہ بات وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ستیش شرما نے پیر کو کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپلائی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بلیک مارکیٹنگ یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی پٹرول پمپ یا گیس ایجنسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی تو اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔
وزیر نے کہا کہ اگرچہ جموں و کشمیر پہلے مٹی کے تیل سے پاک خطہ قرار دیا گیا تھا، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیر وسین (مٹی کا تیل) کی سپلائی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ضروری اشیاء کی فراہمی بلا رکاوٹ جاری رہے اور عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچایا جائے۔ وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر