
جموں, 16 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ڈیوٹی انجام دے رہے بھارتی فوج کے ایک اہلکار کی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ حکام کے مطابق نائیک تلک سنگھ کرشنا گھاٹی سیکٹر کے فارورڈ نانگی تکری علاقے میں تعینات تھے۔ اتوار کو ڈیوٹی کے دوران وہ اچانک بے ہوش ہو گئے، جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم انہیں بچایا نہ جا سکا۔بھارتی فوج کی وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں بہادر فوجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نائیک تلک سنگھ نے 15 مارچ کو کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایل او سی پر ڈیوٹی کے دوران اپنی جان قربان کی۔بیان میں کہا گیا کہ ان کی جرات، فرض شناسی اور خدمت کا جذبہ بھارتی فوج کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتا ہے اور ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر